ڈگریوں کی تصدیق کےلئے وزیر قانون کی سربراہی میں 8رکنی کمیٹی قائم

ڈگریوں کی تصدیق کےلئے وزیر قانون کی سربراہی میں 8رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد(ثناءنیوز)سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 249اراکین پارلیمنٹ کو ڈگریاں کی تصدیق کے لیے بھجوائے گئے نوٹسز کے معاملے کے جائزہ کے لیے وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک کی سربراہی میں حکومت اپوزیشن پر مشتمل 8 رکنی قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔ جمعہ کو کمیٹی کے قیام کا نوٹی فکیشن قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری کر دیا گیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق پیپلز پارٹی سے وزیر دفاع سید نوید قمر، پاکستان مسلم لیگ(ن) سے زاہد حامد، عوامی نیشنل پارٹی بشری گوہر، ایم کیو ایم ایس اے اقبال قادری،جے یو آئی(ف) مولانا عطاءالرحمن، مسلم لیگ(ق) سے رضا حیات ہراج اور قبائلی رکن ظفر بیگ بھٹنی شامل ہونگے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس پیر کو متوقع ہے اعلامیہ کے مطابق وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک کمیٹی کے کنونیئر ہونگے۔کمیٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے ڈگریوں سمیت دیگر متنازع امور پر بات کرے گی۔ کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔ کمیٹی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری نثار علی خان اور وزیر قانون و انصاف فاروق ایچ نائیک کی تجویز پر تشکیل دی گئی ہے۔

مزید : صفحہ آخر