کپاس کی کاشت 15 اپریل سے پہلے نہ کی جائے: محکمہ زراعت
لاہور(کامرس رپورٹر) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایا ہے کہ موسمی درجہ حرارت بڑھنے سے گلابی سنڈی کی جلد افزائش متوقع ہوسکتی ہے اس لئے کپاس کے کاشتکارکپاس کی کاشت 15 اپریل سے پہلے نہ کریں تاکہ گلابی سنڈی کی پہلی آنے والی نسل کو میزبان پودے نہ مل سکیں اور ان کا خاتمہ ہوجائے۔محکمہ زراعت کی طرف سے کپاس کی آئندہ فصل کوگلابی سنڈی اورکیڑوں سے بچانے کے لئے آف سیزن مینجمنٹ مہم جاری ہے جس کے تحت کسان فصل کا موسم ختم ہونے کے بعد آئندہ فصل سے پہلے بہترین اقدامات کر سکتا ہے۔
اسی طرح جننگ فیکٹریوں کو31 مارچ تک کاٹن ویسٹ تلف کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں تاکہ جننگ ویسٹ میں موجود گلابی سنڈی کا یقینی خاتمہ ہوسکے اورآئندہ آنے والی کپاس کی فصل اسکے حملے سے محفوط رہے۔اس کے علاوہ کسان بھائیوں سے بھی گزارش ہے کہ وہ بھی کپاس کی چھریوں کے ڈھیروں کو کپاس کے کھیتوں سے نکال دیں تاکہ گلابی سنڈی کا یقینی خاتمہ ہوسکے۔ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب کی لیبارٹریاں بھی ایسے دوست کیڑے بنانے میں مصروف ہیں جن میں دشمن کیڑوں کو ختم کرنے کی صلاحیت ہوگی اورایسے دوست کیڑوں کو کھیتوں میں چھوڑنے سے ضرررساں کیڑوں کی پیداوار میں خاطر خواہ کمی ہوگی اور کپاس کی آنے والی فصل کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہوگا۔