مکمل صحتیاب ہوں ،جلد فنی سرگرمیاں شروع کردوں گا،راجو سمراٹ
لاہور(فلم رپورٹر) لالی ووڈ کے معروف کوریوگرافر راجو سمراٹ نے کہا ہے کہ زندگی پانی کے بلبلے کی مانند ہے ،ہر انسان کو دنیاکے ساتھ ساتھ آخرت میں بھی سر خرو ہونے کیلئے جدوجہد کرنی چاہیے ،بھارت میں بھی مزاحیہ اداکار موجود ہیں لیکن دنیا میں جو عزت اور شہرت پاکستانی کامیڈینز کو حاصل ہے اسے لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔راجو سمراٹ نے کہا کہ انسان سے زندگی میں بے شمار غلطیاں ہو جاتی ہیں لیکن ہمارا رب بڑا رحیم و کریم ہے جو معافی طلب کرنے پر ہم سے راضی ہو جاتا ہے ۔ میری ہمیشہ یہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی اصلاح کروں اور ایک مرتبہ جو غلطی ہو جائے اسے دوبارہ نہ دہراؤ ں ۔
انہوں نے کہا کہ ہر انسان نے موت کا ذائقہ چکھنا ہے اس لئے صرف دنیا میں سر خرو ہونے کیلئے جدوجہد نہیں کرنی چاہیے بلکہ آخرت کا سامان بھی کرنا چاہیے اور ایسے ہی لوگ کامیابی پانے والے ہیں۔میں اب مکمل طور پر صحتیاب ہوچکا ہوں اور جلد ہی دوبارہ فنی سرگرمیاں شروع کردوں گا ۔میں اپنے رب کی طرف سے ملنے والی نعمتوں کا عمر بھر بھی شکر ادا کرنا چاہوں تو نہیں کر سکتا۔