قذافی کے بیٹے کے خلاف مقدمے کی کارروائی غیر منصفانہ ہے، اقوام متحدہ
نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ لیبیا کے سابق سربراہ معمر قذافی کے ایک بیٹے سیف الاسلام قذافی کے خلاف طرابلس کی ایک عدالت میں چلائے جانے والے مقدمے کی کارروائی غیر منصفانہ تھی، اس لیے اس مقدمے کو بین الاقوامی فوجداری عدالت میں چلایا جائے۔میڈیارپورٹس کے مطابق طرابلس کی عدالت نے سیف الاسلام کی غیر موجودگی میں چلائے جانے والے اس مقدمے میں اسے جولائی 2015ء میں سزائے موت سنائی تھی۔
ان پر مظاہرین کے قتل اور جنگی جرائم کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ معمر القذافی کی حکومت کے خاتمے اور ان کی ہلاکت کے بعد سیف الاسلام کو زنتان کے علاقے میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ قذافی حکومت کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے زنتانی گروپ نے سیف الاسلام کو یہ کہہ کر طرابلس کے حوالے سے انکار کر دیا تھا کہ انہیں شبہ ہے کہ سیف الاسلام وہاں سے فرار ہو سکتا ہے۔