پی ایچ اے ریفرنڈم 2017-18‘ ایمپلائز یونین 21 ووٹوں سے کامیاب
ملتان( سپیشل رپورٹر)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے ریفرنڈم 2017-18ء میں ایمپلائز یونین نے جماعت اسلامی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ڈی اے الطاف ساریو کی حمایت یافتہ ورکریونین کو شکست دیدی ہے ۔اس ضمن میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان میں سی بی اے کیلئے ریفرنڈ م (بقیہ نمبر16صفحہ12پر )
2017-18ء گزشتہ روز شاہ شمس پارک میں منعقد ہوا جس میں ایمپلائز یونین اور ورکر یونین نے حصہ لیا ۔مذکورہ ریفرنڈم میں ایمپلائز یونین نے 228جبکہ ورکر یونین نے 207ووٹ حاصل کئے مذکورہ نتائج کی روشنی میں ایمپلائز یونین نے مذکورہ ریفرنڈم 21ووٹوں سے جیت لیا ریفرنڈم جیتنے والی والی ایمپلائز یونین کے صدر غفار شاہد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے یہ ریفرنڈم ورکر یونین کو نہیں بلکہ ایڈیشنل ڈی جی ایم ڈی اے الطاف ساریواور کو ہرایا ہے اب افسران اپنا قبلہ درست کرلیں اور ملازمین کا استحصال بند کردیں ۔انتقامی تبادلے فوری طورپر واپس لئے جائیں ۔انھوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر قائمقام کمشنر اور ڈی جی ایم ڈی اے نادر چھٹہ سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ الطاف ساریوکے ظالمانہ اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کو روکیں اس موقع پر ایپکا میونسپل کارپوریشن کے چیئر مین اصغر کھوکھر سمیت دیگر محکموں کی یونین کے عہدیداروں نے جیتنے والے ملازمین کو مبارکباد دی ۔قبل ازیں پی ایچ اے کے شاہ شمس پارک میں منعقدہ ریفرنڈم کے سلسلہ میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے جبکہ دونوں یونینوں کے حامی دن بھر وقفہ وقفہ سے اپنی جیت کا دعوی کرتے رہے ۔پولنگ صبح 9بجے شروع ہوئی جو سہ پہر چار بجے تک جاری رہی نتائج سامنے آنے پر ایمپلائز یونین کے حامیوں نے جیتنے والے امیدواروں کو اپنے کندھوں پر اٹھالیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے ۔