پانامہ کیس حکمرانوں کے سروں پر تلوار بن کر لٹک رہا ہے ،اشتیاق ملک
لاہور (نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ سیکرٹری اطلاعات لاہوراشتیاق ملک اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رانا اختر حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ ن لیگ کے قائدین کے ہاتھ کرپشن میں رنگے ہوئے ہیں، پانامہ کیس ان کے سروں پر تلوار بن کر لٹک رہا ہے ، انہیں ملک وقوم کی رتی بھر بھی فکر نہیں ہے ،یہ اپنی کی گئی کرپشن اور لوٹ ہوئی دولت کو چھپانے اور اپنے بولے جانے والے جھوٹوں پر پردہ ڈال کر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتے ہیں مگر یہ ناکام ہوں گے، انہوں نے کہاکہ شریف برادران اورانکی فیملی کے کاروبار اور اثاثوں میں اضافہ ہو تا جا رہا ہے جبکہ ملک روز بروز نیچے جا رہا ہے ، قرض لے کر مہنگائی کے ذریعے سارا بوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے ، بڑھتی ہوئی بے روزگاری کی وجہ سے ملک بھر میں جرائم میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے ،انہوں نے کہاکہ عوام دووقت کی روٹی اور پینے کے صاف پانی کوترس رہے ہیں ، سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں کی حالت ابتر ہوچکی ہے ، کروڑوں بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہو رہے ہیں ، ڈاکوں سرعام دندناتے پھر رہے ہیں جبکہ حکومتی سازندے سب اچھا کا جھوٹ راگ الاپ رہے ہیں، عوام کرپٹ اور جھوٹے حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے دعائیں مانگ رہے ہیں۔