ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری ، مزید 190مشتبہ افراد گرفتار

ملک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری ، مزید 190مشتبہ افراد گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد،لاہور ،پشاور(اے این این ) سہون شریف میں درگاہ لعل شہباز قلندر پر خود کش حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کے شروع ہونے والے کومبنگ آپریشن اور تلاش کی کارروائیاں جاری 24گھنٹوں میں مزید 190مشتبہ افراد گرفتار، پکڑے جانے والوں میں قانون کرایہ داری پر عمل نہ کرنے والے بھی شامل ،کئی افغان شہری بھی گرفتار،پشاور میں لاوارث موٹر سائیکل نے پولیس کی دوڑیں لگوا دیں ،ٹانک میں دفعہ 144نافذ،رات 8سے صبح 6بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف آپریشنز جاری ہیں۔ جہلم،فیصل آباد اور رحیم یارخان کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے جس کے بعد 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔جہلم میں بائی پاس کے قریب پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کر کے غیر ملکی سمیت 7افراد کوگرفتار کر لیا۔فیصل آباد میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کرکے 5مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ۔رحیم یارخان میں 3مشکوک افراد کوگرفتار اورایک مشکوک گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔ضلع ٹانک میں رات 8 بجے سے صبح 6 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کردی گئی ۔ یہ پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی ہے ۔ ٹانک پولیس کے سربراہ رسول شاہ کے مطابق پابندی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگائی گئی ہے ۔ ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ضلع میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہے ۔ دوسری جانب چنیوٹ میں پولیس اورقانون نافذ کرنیوالیاداروں کامختلف علاقوں میں سرچ آپریشن ہوا جس میں سرچ آپریشن میں 100سیزائد مشکوک افراد کی بائیومیٹرک ڈیوائس سے تصدیق کی گئی ۔پشاور میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کرکے دو اشتہاری ملزموں سمیت 72 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف اور سب مشین گن سمیت دیگر اسلحہ اور منشیات برآمد کی گئی ہے، گرفتار افراد میں سے 15کو کرائے داری کے کوائف مکمل نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ ادھر پشاور کی خیبر سپر مارکیٹ میں مشکوک موٹر سائیکل کی اطلاع پر پولیس کی دوڑیں لگ گئیں، بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا گیا ، جس نے موٹر سائیکل کو کلیئر قرار دیدیا۔پولیس کے مطابق خیبر سپر مارکیٹ میں دودھ کی دکان کے سامنے 24گھنٹے سے ایک مشکوک موٹر سائیکل کھڑی تھی، مقامی لوگوں کی اطلاع پر پولیس نے بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرلیا۔بی ڈی یو کے اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل کو چیک کرنے کے بعدکلیئر قرار دے دیا، موٹر سائیکل کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

مزید :

علاقائی -