دوبارہ پیپلز پارٹی میں شمولیت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر سیاست دان نبیل گبول نے پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔ترجمان بلاول ہاؤس کے مطابق نبیل گبول نے یہ اعلان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات میں کیا۔سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کے بعد نبیل گبول کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آصف زرداری سے ملاقات میں کوئی گلے شکوے نہیں ہوئے۔انہوں نے مزید کہا کہ باقاعدہ طور پر پیپلز پارٹی میں شامل ہو گیا ہوں،پیپلز پارٹی کو لیاری سمیت کراچی میں مضبوط کرنے کے لیے کام کروں گا۔لیاری سے تعلق رکھنے والے سیاست دان نبیل گبول نے پاکستان پیپلز پارٹی کو اختلافات کی بنیاد پر چھوڑ دیا تھا اور متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔نبیل گبول ایم کیو ایم کی جانب سے این اے 246سے رکن قومی اسمبلی بھی منتخب ہوئے تاہم بعد ازاں کچھ اختلافات کی وجہ سے انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا۔