کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا ، لوٹ مار ،اقر باپروری اور سفارش کے کلچر کو دفن کر دیا : شہباز شریف
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کے دور حکومت میں ٹھوس اقدامات کے باعث پاکستان میں کرپشن کنٹرول کرنے کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت اور اعلی معیار کی خود گواہی دے رہے ہیں ۔وسائل کو قوم کی امانت سمجھتے ہوئے ان کا شفاف استعمال یقینی بنایا گیا ہے ۔عالمی ادارے بھی پاکستان میں شفافیت کا برملا اعتراف کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کیا،جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے وسائل کو بے دردی سے لوٹااورترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کرکے اپنی تجوریاں بھری۔ ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن، لوٹ مار اور غلط پالیسیوں کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کا امیج متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے قومی وسائل کی بچت کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے لوٹ مار، اقربا پروری اور سفارش کے کلچر کو دفن کر دیا ہے اورکوئی ترقیاتی منصوبوں میں ایک پائی کی بھی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا، شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کرکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے۔جب تک جان میں جان ہے عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منتخب نمائندے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ان سے قریبی رابطہ رکھیں ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اقبال چنڑ، رانا محمد افضل خان ایم این اے،میاں فدا حسین وٹو ایم پی اے ،سابق ایم این اے شیخ وقاص اکرم اوردیگرشامل تھے ۔ شہبازشریف سے جرمنی کی کمپنی فشنر واٹر اینڈ ٹرانسپورٹیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اولف میئر شیرنبرگ نے ملاقات کی جس میں پینے کے صاف پانی کے پروگرام میں تعاون کو بڑھانے کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ جرمن کمپنی اور پنجاب حکومت کے مابین پینے کے صاف پانی کے پروگرام میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے جرمن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ساتھ جرمن زبان میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ہر شہری کی بنیادی ضرورت ہے اور ہم نے اس پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کرنا ہے۔پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے باکفایت اور پائیدار اقدامات پر فوری عملدرآمد چاہتا ہوں۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے پروگرام میں جرمن کمپنی کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ جرمن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ اس اہم پروگرام کے حوالے سے ہر طرح کا تعاون کریں گے۔ چیئرمین صاف پانی کمپنی ساؤتھ چوہدری عارف سعید، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری ہاؤسنگ، چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی کمپنی ساؤتھ، چیف ایگزیکٹو آفیسر صاف پانی کمپنی نارتھ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں ذرائع آمد ر وفت کے منصوبوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ذرائع نقل و حمل تیز رفتار ترقی کا باعث ہوتے ہیں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔پنجاب حکومت نے صوبے میں اربوں روپے کے انفراسٹرکچر کے منصوبے بنائے ہیں۔دیہی علاقوں میں جدید انفراسٹرکچر مہیا کرنے کیلئے ہزاروں کلومیٹر کارپٹڈ سڑکیں بنائی گئی ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مین بلیوارڈ گلبرگ سے موٹروے تک ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ مفاد عامہ کے اس منصوبے پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے گا۔10.7کلومیٹر طویل ایکسپریس وے کی تکمیل سے شہر میں ٹریفک کا بہاؤ بہتر ہوگا اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔ صوبائی وزراء میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، سیکرٹریز تعمیرات و مواصلات، خزانہ، صدر بینک آف پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن، لارڈ میئر لاہور اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔