فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کے تحت منصوبے شروع کئے جائیں : گورنرسندھ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ سکندر حیات بوسن نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ کے تحت چلنے والے مختلف منصوبوں با الخصو ص صوبہ سندھ میں ا س ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لئے صاف ستھری غذائی ضروریات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے پاکستان میں معیاری غذاؤں کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے لیکن موجودہ حکومت نے اس جانب بھرپور توجہ مرکوز کی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں بھی وفاقی وزارت کے تحت چلنے والے منصوبے شروع کئے جائیں تاکہ عوام کو معیاری اور صحت مند غذائی ضروریات کو پوری کرنے میں مدد حاصل ہو سکے ۔ انہو ں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مابین قریبی تعاون سے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں ۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے گورنر سندھ کو اپنی وزارت کے تحت چلنے والے مختلف منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ بھی کیا۔