سندھ ہائی کورٹ،اورنگی میں لینڈ مافیا کے خلاف درخواست دائر
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13-j اور 13-H میں لینڈ مافیا کی جانب سے زمینوں پر قبضے کے خلاف درخواست دائر کردی گئی ہے ۔ پیر کو سندھ ہائی کورٹ نے درخواست گزار انعام الرحمن نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 13-J اور سیکٹر 13-H میں زمینوں پر لینڈ مافیا کی جانب سے زمینوں پر کیے جانے والے قبضوں کے خلاف درخواست دائر کرائی ۔ دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13-J اور 13-H میں بدنام زمانہ لینڈ گریپر جاوید ملک ، نسیم ملک ، آفتاب اور پپو تھلے والا زمینوں پر قبضے کر رہے ہیں ۔ ہم اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13-J اور 13-H میں پچھلے 42 سالوں سے رہائش پذیر ہیں ۔ ہمارے گھر کے اطراف خالی سرکاری زمینوں پر لینڈ مافیا اپنی سرپرستی میں چائنا کٹنگ کرکے زمینیں فروخت کر رہا ہے ۔اورنگی ٹاؤن کے ان سیکٹرز میں کے ڈی اے اور کے ایم سی کے قوانین کے تحت کے ڈی اے کے تحت کمرشل پلاٹس نہ تو ڈائریکٹر الاٹ ہو سکتے ہیں اور نہ ہی لیز ہو سکتے ہیں ۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سرکاری زمینیں ہمارے نام پر الاٹ کی جائیں ۔ سرکاری قوانین کے تحت جو بھی فیس ہو گی وہ ہم دینے کو تیار ہیں ۔