جازکیش اور ورلڈ ریمٹ کے درمیان معاہدہ

جازکیش اور ورلڈ ریمٹ کے درمیان معاہدہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اکنامک رپورٹر)پاکستان میں تیزی سے ترقی کرتی ہوئی موبائل فنانشل سروس،جاز کیش اور ڈیجیٹل منی ٹرانسفر سروس ورلڈریمٹ (WorldRemit) کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت بیرون ملک مقیم90 لاکھ سے زائدپاکستانی فوری طور پر موبائل کے ذریعہ رقم پاکستان بھیج سکیں گے۔اس معاہدے کے بارے میں جاز کی چیف ڈیجیٹل اینڈ فنانشل سروسز آفیسر، انیقہ افضل ساندھو نے کہا:’’اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مطابق غیرملکی ترسیلات زر پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 2015-16 میں تقریباً 20 ارب ڈالرز کی رقوم پاکستان بھیجیں۔ورلڈریمیٹ کے ساتھ معاہدے کے نتیجے میں ہم ایسے خاندانوں کے لیے نمایاں سہولت اوراعتماد فراہم کریں گے جواپنی گھریلو ضروریات پورا کرنے کے لیے غیرملکی ترسیلات زر پر بھروسہ کرتے ہیں۔‘‘ورلڈریمٹ کے گلوبل بزنس ڈیویلپمنٹ ڈائریکٹر برائس کری (Bryce Currie) نے اس شراکت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا:’’ورلڈ ریمٹ کے ذریعہ ہر ماہ 580,000 مرتبہ رقوم پاکستان بھیجی جاتی ہیں۔جاز کیش کے ساتھ ہماری شراکت کے ذریعہ ہم رقم کی منتقلی کے لیے کئی دنوں کے انتظار کو ختم کر دیں گے اور ورلڈ ریمٹ کے کسمٹرز اپنے موبائل فون پر چند مرتبہ ٹیپ کرنے کے بعدبھیج سکیں گے جسے رقم وصول کرنے والے اسی دن موبائل رقم کے طور پر وصول کر سکیں گے۔‘‘جاز کیش اور ورلڈ ریمٹ کے درمیان یہ معاہدہ اس حقیقت کے سامنے آنے کے بعد طے پایا ہے جس کے مطابق پاکستانی اب ترسیلات زر کے لیے ایجنٹ کے ذریعہ رقم بھیجنے کے پرانیاور مہنگے طریقے استعمال کرنے کی بجائے ڈیجیٹل منی ٹرانسفر کے زیادہ محفوظ اور تیزتر طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔