جانوروں کی ویکسیشن کا دوسرا مرحلہ مارچ سے شروع ہوگا،ڈاکٹر ارشد
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ راولپنڈی ڈاکٹر ارشد لطیف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی طرف سے کسان پیکچ کے تحت جانوروں کی ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کا آغازمارچ میں کیا جارہا ہے. پروگرام کے دوسرے مرحلے میں راولپنڈی کے150وٹرنری مراکزمیں ویکسین سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔انہو ں نے کہا کہ جانوروں کی بروقت ویکسینیشن سے جانوروں کے علاج معالجے اور ان کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں نہ صرف مدد حاصل ہو گی بلکہ ان اقدامات سے کسان اور مویشی پال حضرات کی معاشی ترقی و خوشحالی میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے .یہ بات انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں مویشیوں کی مال شماری سے شعبہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے پنجاب بھر میں مویشیوں کی نسل کشی اور ان کے اعدادو شمار کا ڈیٹا اکھٹا کرنے میں مدد حاصل ہو گی اور ان معلومات کی روشنی میں محکمے مختلف اہداف کا تعین کریں گے . ڈائریکٹر ارشد لطیف نے مزید بتایا کہ ضلع راولپنڈی میں محکمہ کی طرف سے ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں جو گاؤں کی سطح پر ہر گھر ،ڈیرہ،کھوہ پر جا کر کسانوں کو خدمات فراہم کرینگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک صحت مند جانور ہی زیادہ پیداوار دے سکتا ہے ان کی زیادہ پیداورسے کسان خوشحال ہو گا۔ڈاکٹرارشد لطیف نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف کے ویژن کے تحت غریب کسانوں کی آمدنی میں اضافہ اور ان کو خوشحال کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیوسٹاک راولپنڈی کی جانب سے گل گھوٹو اور بلیک واٹر بیماریوں کی ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔