دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی :عابد شیر علی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابدشیر علی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ سے نکالنے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی ۔عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بنے ہوئے ہیں اور ان کے جہاز میں گھومتے ہیں ۔پاناما کیس میں وزیراعظم اور ان کی فیملی سرخرو ہوگی ۔لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر 90ارب روپے کی خورد برد کی گئی اگر یہ رقم کراچی میں استعمال کی جاتی تو شہر پیرس بن جاتا ۔وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم سے کہوں گا کہ وہ کراچی کی صفائی کا ذمہ بھی اپنے سر لے لیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کراچی میں پورٹ قاسم پربن قاسم کول الیکٹرک پاور پلانٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔کوئلہ سے چلنے والے 1320میگاواٹ کے اس پلانٹ کا 80فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ یہ پروجیکٹ 1320میگاواٹ پر مشتمل ہے ۔ منصوبے پر انتہائی تیزی کے ساتھ کام جاری ہے ۔ایسا لگتا ہے کہ یہاں جنات نے کام کیا ہے ۔مسلم لیگ (ن)کی حکومت کو ملک کو اندھیروں سے نکالنے کا عزم کررکھا ہے ۔مارچ2018تک پورے ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کی آنکھیں ہیں جس کے بغیر روشنی نہیں مل سکتی تاہم صوبے میں کرپشن اپنے عروج پر ہے ۔لاڑکانہ میں ترقیاتی کاموں کے نام پر 90ارب روپے کی رقم خوردبرد کی گئی اگر یہ رقم کراچی میں استعمال کی جاتی تو یہ شہر آج پیرس بن چکا ہوتا ۔کراچی کی حالت زار دیکھ کر مجھے افسوس ہورہا ہے ۔شہر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور گندگی کا ڈھیر لگا ہوا ہے ۔میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور ان کی ٹیم سے درخواست کروں گا کہ وہ کراچی کی صفائی کے لیے بھی اپنا کردار ادا کریں ۔عابد شیر علی نے کہا کہ سندھ کے سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن مفرور ہے ۔انہوں نے قوم کا پیسہ لوٹ کر خود ساختہ جلاوطنی اختیار کررکھی ہے ۔بلاول بھٹو زرداری سے کہوں گا کہ شرجیل میمن کو پکڑ کر واپس وطن لائیں ۔حکومت سندھ کو بھی چاہیے کہ وہ مفرور شرجیل میمن کو گرفتا ر کرے جس کے گھر سے اربوں روپے برآمد ہوئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ سے نکالنے اور دھرنا سیاست کرنے والوں کا احتساب قوم کرے گی ۔ہم آئندہ بھی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کامیاب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مدارس کے خلاف کارروائی وفاق کا نہیں بلکہ سندھ حکومت کا کام ہے ۔وفاق صوبے کو سہولیات فراہم کرتا ہے ۔پولیس کو جب تک غیر سیاسی نہیں بنایا جاتا اس وقت مثبت نتائج برآمد نہیں ہوسکتے ہیں ۔عابد شیر علی نے کہا کہ پانامہ کیس میں نواز شریف اور ان کی فیملی سرخرو ہوگی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان جہانگیر ترین کے منشی بنے ہوئے ہیں اور غریبوں کا خون چوسنے والے کے جہاز پر گھومتے ہیں ۔جہانگیر ترین ڈاکو ہے جو غریبوں کا استحصال کرتا ہے ۔یہی جہانگیر ترین عمران خان کے گھر اور دیگر لوازمات کے خرچے برداشت کرتا ہے ۔