کے ایم یو کے کامیاب طلباء دکھی انسانیت اور معاشرہ کے پسماندہ طبقات کی خدمت کو شعار بنائیں‘ اقبال ظفر جھگڑا
پشاور (سٹاف رپورٹر) گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہاہے کہ دس سال کے قلیل عرصے میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) نے انسانی اور مادی وسائل کی صورت میں جو نمایاں ترقی کی ہے وہ ہم سب کے لیئے نہ صرف باعث اطمینان ہے بلکہ امید ہے کہ کامیابیوں کے اس سفر کو ذیادہ سے ذیادہ مفاد عامہ کے لیئے بروئے کار لانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار کے ایم یو کے تیسرے کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر صحت اور کے ایم یو کے پروچانسلر شہرام خان ترکئی ،یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ،رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمدسلیم گنڈا پور،مختلف شعبوں کے ڈینز،فیکلٹی،والدین اور طلباء وطالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ کانووکیشن کسی بھی طالب علم کی ذندگی کا سب سے اہم اور یادگار لمحہ ہوتا ہے اور اس موقع پر کامیاب طلباء وطالبات اور بالخصوص نمایاں پوزیشن ہولڈر طلباء وطالبات اور ان کے والدین خصوصی مبارک باد کے مستحق ہیں جنہوں نے نمایاں پوزیشن حاصل کرکے نہ صرف اپنا اور اپنے والدین کا نام روشن کیا ہے بلکہ اپنی کارکردگی کے ذریعے وہ اپنے ادارے اور ملک وقوم کا نام روشن کرنے کے قابل بھی ہوئے ہیں۔انہوں نے کامیاب طلباء وطالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں سے آپ کے والدین اور اساتذہ کرام سمیت پورے معاشرے کی امیدیں وابستہ ہیں ۔آپ کی محنت اور کامیابی کا جو صلہ آج آپ کو ڈگریوں اور گولڈ میڈلز کی صورت میں ملا ہے اس کا تقاضہ ہے کہ آپ دکھی انسانیت اور معاشرے کے پسماندہ طبقات کی خدمت کو اپنی ذندگی کا شعار بنائیں گے۔اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ آج ہمارے معاشرے کو مختلف اور نت نئی بیماریوں کی صورت میں جن چیلنجز کا سامنا ہے اس سے نمٹنے کے لیئے ہمیں ایک واضح وژن اور ٹیم ورک کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی واحد میڈیکل یونیورسٹی ہونے کے ناطے کے ایم یو پر دوہری زمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور ان زمہ داریوں کی انجام دہی میں یونیورسٹی کی فیکلٹی،طلباء وطالبات اورانتظامی سٹاف وائس چانسلر پروفیسر حفیظ اللہ کی قیادت اورراہنمائی میں جو گراں قدر کردارادار ادا کر رہی ہے وہ لائق ستائش ہے اور توقع ہے کہ کامیابیوں کے اس سلسلے کو مذید موثر اور مربوط بنایا جائے گا۔ قبل ازیں کانووکیشن سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر حفیظ اللہ نے یونیورسٹی کی دس سالہ کارکردگی پر مختصراً روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس سالوں کے دوران یونیورسٹی نے جو سنگ ہائے میل عبور کیئے ہیں ان پر بجاطور پر فخر کیاجا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سو سے ذائد گریجویٹس کو ڈگریاں دینے سے یونیورسٹی کی بہتر کارکردگی اور نتائج کا اندازہ باآسانی لگایاجا سکتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت یونیورسٹی کی جملہ ضروریات پوری کرنے میں جو فراخدلانہ کردارا دا کر رہی ہے اس سلسلے کو اسی جذبے سے جاری رکھا جائے گا۔تقریب سے سینئر صوبائی وزیر شہرام خان ترکئی نے بھی خطاب کیا۔واضح رہے کہ مذکورہ کانووکیشن میں مختلف شعبوں کے 115گریجویٹس کو ڈگریاں دینے کے علاوہ44طلباء وطالبات کو گولڈ میڈلز دیء گئے اور یونیورسٹی کے لیئے نمایاں خدمات انجام دینے والی بارہ شخصیات کو خصوصی اعزازات سے نوازا گیا۔