مال روڈ دھرنا، نابینا افرا د نے ہائیکورٹ کی پیش کش ٹھکرا دی ، احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

مال روڈ دھرنا، نابینا افرا د نے ہائیکورٹ کی پیش کش ٹھکرا دی ، احتجاج جاری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)مال روڈ پر دھرنا دینے والے نابینا افراد نے لاہور ہائیکورٹ کی پیشکش ٹھکرا دی اورمطالبات پورے نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کی بابت لاہور ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔جسٹس شاہد جمیل خان نے نابینا افراد کو مخصوص کوٹہ پر ملازمتیں نہ دینے کے خلاف درخواست کی سماعت شروع کی تو فاضل جج نے درخواست گزاروں کی وکیل سے کہا کہ نابینا افراد کا دھرنا اور عدالتی کارروائی ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ،عدالت نے درخواست گزاروں کی وکیل تابندہ اسلام کو مہلت دی کہ وہ احتجاج کرنے والوں سے معلوم کریں کہ وہ دھرنا ختم کرنے کے لئے تیار ہیں یا نہیں ،دھرنا ختم ہوگا تو عدالتی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔خاتون نابینا مظاہرین سے ملاقات کے بعد فاضل جج کو بتایا کہ نابینا افراد دھرنا ختم نہیں کرنا چاہتے جس پر فاضل جج نے کہا کہ ایسی صورت میں وہ عدالتی کارروائی آگے نہیں بڑھائیں گے ۔خاتون نے استدعا کی کہ اسی نوعیت کی درخواستیں مسٹر جسٹس شجاعت علی خان کی عدالت میں زیر سماعت ہیں ،اس لئے مناسب ہوگا کہ اس درخواست کو بھی جسٹس شجاعت علی خان کی عدالت میں بھجوا دیا جائے جس پر جسٹس شاہد جمیل خان نے یہ درخواست چیف جسٹس کو واپس بھجوادی تاکہ اسے دوسرے بنچ میں پیش کیا جاسکے ۔دوسری طرف مسٹر جسٹس شجاعت علی خان نے سرکاری ملازمتوں میں نابینا افرادکے لئے مختص تین فیصد کوٹے پر عمل درآمد نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے جواب طلب کر لیاہے۔یہ درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چار سال سے نابینا افراد ملازمت کے لئے دربدر دھکے کھا رہے ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، درخواست گزار کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ حکومت میٹرو ٹرین سمیت دیگر غیر ضروری پراجیکٹ پر پیسے کا ضیاع کر رہی ہے لیکن نابینا افراد کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیا جا رہے، درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ نابینا افراد کے لئے سرکاری ملازمتوں کوٹہ نہ ہونے کے برابر ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ احتجاج کرنے والے نابینا افراد کی دادرسی کی جائے اور سرکاری ملازمتوں میں کوٹے میں اضافہ کیا جائے. ہائیکورٹ نے درخواست پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کر دیئے۔
نابینا افراد

مزید :

علاقائی -