نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے سرکاری افسر احد چیمہ کیلئے شاندار خوشخبری آگئی، حکومت نے سب سے بڑا انعام دے دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے نیب کی جانب سے گرفتار کیے جانے والے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت 33 پی ایس پی افسران کو گریڈ 20 میں پرموٹ کردیا ہے جبکہ 17 پولیس افسران کو گریڈ 21 میں ترقی دے دی گئی ہے۔
جمعرات کو پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی دے دی گئی ہے جبکہ ان کی خدمات پنجاب حکومت کے پاس ہی رہیں گی۔خیال رہے کہ احد چیمہ کو منگل کے روز نیب کی جانب سے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کرپشن سکینڈل کی تحقیقات میں تعاون نہ کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، جمعرات کو احتساب عدالت نے احد چیمہ کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے 17 پولیس افسران کو 21 ویں گریڈ میں ترقی دے دی گئی ہے۔ شاہد حیات اور ڈاکٹر امیر احمد شیخ کو ایڈیشنل آئی جی کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے جبکہ غلام نبی میمن اور نجم مرزا کو بھی ایڈیشنل آئی جی بنادیا گیا ہے۔
پی ایس پی کے 33 افسرا ن کو 20 ویں گریڈ میں پرموٹ کیا گیا ہے۔ آصف قائم خانی، نعیم شیخ اور جاوید اکبر ریاض کو ڈی آئی جی بنادیا گیا ہے۔ احمد یار چوہان، جاوید مہر، جاوید جسکانی کو بھی ڈی آئی جی بنادیا گیا ہے جبکہ ڈی آئی جی غلام سرور جمالی کا اے این ایف اور اکرم نعیم بھروکہ کا تبادلہ نیشنل پولیس فاﺅنڈیشن میں کردیا گیا ہے۔