میٹرو بس کے کرائے اور میٹرو ٹرین کی بحالی!

میٹرو بس کے کرائے اور میٹرو ٹرین کی بحالی!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


حکومت کی طرف سے بچت مہم کے باعث پنجاب میں چلنے والی میٹرو اور سپیڈو بسوں کے لئے دی جانے والی سبسڈی ختم یا کم کرنے کی تجویز پر عمل نہیں ہو گا اور بسوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا،مسافر بدستور20روپے ہی میں سفر کرتے رہیں گے۔ یہ اطلاع سفر کرنے والوں کے لئے طمانیت کا باعث ہوگی۔ اس سے پہلے یہ تجویز دی گئی تھی کہ سبسڈی کم تر سطح پر لانے کے لئے کرایہ20 سے بڑھا کر30روپے کر دیا جائے۔ پنجاب کے وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے بتایا کہ اب ایسا نہیں ہو گا اور میٹرو اورنج ٹرین بھی جون تک چلا دی جائے گی۔ صوبائی حکومت نے فنڈ جاری کر دیئے ہیں۔ وزیر خزانہ کے مطابق اس ٹرین کے آپریشنل اخراجات کم کرنے کے لئے بیرونی ماہرین سے مشاورت بھی کی جائے گی۔لاہور،اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان کے لئے یہ دونوں اعلان طمانیت کا باعث ہیں، وہ حکومتی فیصلے کے منتظر تھے اور ذہنی طور پر تیار تھے کہ ٹرانسپورٹ کے بہتر مستقبل کے لئے اگر اضافہ ہو تو وہ ادا کرنے کو تیار ہوں گے تاہم حکومت نے سابقہ نظام برقرار ر کھنے کا اعلان کر کے مسافروں کو ذہنی سکون پہنچایا ہے۔ توقع کی جاتی ہے کہ یہ فیصلہ مستقبل کے لئے سہولتوں میں کمی کا باعث نہیں بنے گا اور حکومت بسوں کی مرمت اور دیکھ بھال کے ساتھ مزید نئی بسوں کا اضافہ بھی کرے گی، جہاں تک میٹرو اورنج ٹرین کا تعلق ہے تو اِس منصوبے کی تکمیل میں کافی تاخیر ہو گئی ہے اور اب اسے مکمل ہو جانا چاہئے،اس کی تکمیل کی راہ میں فنڈز کا اجراء رکاوٹ تھا جو اب جاری کر دیئے گئے ہیں،توقع کرنی چاہئے کہ اب اس مدت میں مزید اضافہ نہیں ہو گا۔ یہ فیصلہ کہ آپریشنل اخراجات کم کرنے کے لئے غیر ملکی کمپنیوں سے مدد لی جائے گی۔ کچھ زیادہ بہتر نہیں لگا کہ اخراجات میں کمی کے لئے کسی چھو منتر کی ضرروت نہیں، ہمارے اپنے ماہرین بھی یہ کر سکتے ہیں۔بہرحال ہمیںیہ کرنا ہو گا کہ قومی جذبے کے تحت خود ہی فضول خرچی اور خورد برد سے بچ کر انتظامات بھی کرنا ہوں گے۔جتنی جلد یہ ٹرین چلے گی اتنا ہی شہری علاقوں کے لئے بہتر ہو گا۔

مزید :

رائے -اداریہ -