ڈیرہ اسماعیل خان ائیر پورٹ کو بحال کیا جائے ،عوامی حلقے
ڈیرہ اسماعیل خان ( بیورورپورٹ)عوامی حلقوں نے وفاقی وزیرگلگت بلتستان وامورکشمیرسردارعلی امین خان گنڈہ پوراوروزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیاہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان ائیر پورٹ کو نہ صرف بحال کیاجائے بلکہ اسے انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا درجہ دیا جائے ۔ڈیرہ ائیر پورٹ کی بحالی اورانٹرنیشنل ائیر پورٹ کا درجہ ملنے سے خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع، شمالی وجنوبی وزیرستان، بھکر، ژوب، درازندہ ،تونسہ، دریاخان، میانوالی اور دیگرمتعلقہ علاقوں کے لوگوں کے لئے اچھااقدام ثابت ہو گا۔ عوامی حلقوں نے کہاہے کہ اس وقت عوام کی امیدیں سردار علی امین خان گنڈہ پور پر لگی ہوئی ہیں کہ اب یہ نعرہ عملی صورت اختیار کرے گا کیوں کہ ماضی میں ڈیرہ ائیر پورٹ کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ بنانے کے خواب دکھائے گئے اور جھوٹے افتتاح کر کے عوام کو بے وقوف بنایا گیا۔انہوں نے کہاکہ ڈیرہ ائیر پورٹ سے ڈومیسٹک فلائٹ فوری طور پر شروع کی جا سکتی ہے جس سے حج اور عمرہ کرنے والے زائرین بھی مستفید ہوں گے اور گلف میں رہنے والے اوورسیز کو گھر کی دہلیز تک پہنچنے کا فائدہ ہو گا۔ سی پیک کی وجہ سے بھی ڈیرہ اسماعیل خان اہمیت اختیار کر چکا ہے اور صنعتی زون کی کامیابی کے لیے بھی ائیرپورٹ ضروری ہے کیونکہ سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں کے پاس اتناوقت نہیں ہوتا کہ وہ روڈز پر سفر کریں لہٰذا ائیرپورٹ کو فوری طور پر آپریشنل کیا جائے۔