عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،مشتاق احمد غنی

عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے ،مشتاق احمد غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ عوام کو سہولیات دینا ہماری اولین ترجیح ہے اور ہماری حکومت نے روزِ اول سے عوامی مفادات کو اہمیت دی ، ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا صوبہ ایک مثالی صوبہ بنے جس کو دیگر صوبے ماڈل کے طور پر لیں۔ ان خیالات کا اظہار سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی مشتاق احمد غنی نے صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور میں ایبٹ آباد بائی پاس روڈ اور دیگر اہم شاہراہو ں کی تعمیر کے حوالے سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیواور NHAکے حکام کے ساتھ منقعد کردہ اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات اکبرایوب خان،سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو،ایم ڈی ہزارہ موٹروے ایم ڈی NHA،اور ایم ڈی پختونخواہائی ویز اتھارٹی نے شرکت کی ۔اس موقع پر جی ایم ہزارہ موٹروے نے ایبٹ آباد بائی پاس کی تعمیر کے حوالے سے سپیکر صوبائی اسمبلی کو تفصیلاًبریفنگ دی ۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کوتین مرحلوں میں تقسیم کیا گیاہے ۔پہلے مرحلے میں مسلم آباد سے بس سٹاپ6.8کلومیٹردوسرے مرحلے میں بس سٹاپ سے اللہ ہو چوک 8.55کلومیٹراور تیسرے مرحلے میں اللہ ہوچوک سے ایبٹ آباد پبلک سکول تک 8.55 کلو میٹر روڈ تعمیر کی جائے گی۔سپیکر مشتاق غنی نے اس موقع پرسی اینڈ ڈبلیواور NHAکوہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پہلے سے موجود بنے ہوئے سڑکوں کی حالت زار پر بھی توجہ دی جائے۔اہم مقامات پر عوام کو سہولت دینے کی خاطر یوٹرن بنائے جائیں اور ایبٹ آباد بازار میں دو مقامات پر پارکنگ پلازے بھی تعمیر کئے جائیں تاکہ عوام کو پارکنگ کی سہولت میسر ہواور ٹریفک کی روانی متاثرنہ ہو ۔محکمہ NHAکے حکام نے بتایاکہ مسلم آباد اور قلندر آباد روڈ اس سال مئی تک مکمل ہو جائیں گے اور عام ٹریفک کیلئے کھول دیئے جائیں گے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات وتعمیرات اکبر ایوب خان نے نشاندہی کی کہ ہزارہ موٹروے بناتے وقت ضلع ہری پور کے کافی سارے سڑک متاثر ہوئے تھے اس لئے محکمہ ان سڑکوں کی بحالی پر جلدازجلد کام شروع کرے تاکہ عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔اس کے علاوہ محکمہ PKHAاور سی اینڈڈبلیونے سپیکر مشتاق احمد غنی کو پشاور رنگ روڈ جنوبی حصہ اور شمالی حصے کی تعمیر اور کام کے رفتار کے حوالے سے بریفنگ دی ۔سپیکر نے کہاکہ پشاور رنگ روڈ کے شمالی اور جنوبی حصوں کو جلد ازجلد مکمل کیا جائے تاکہ شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔