جے پور جیل میں پاکستانی کی شہادت پر بھارتی رپورٹ مسترد
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان نے جے پور جیل میں پاکستانی قیدی شاکر اللہ کی شہادت کے بارے میں بھارتی رپورٹ مسترد کر دی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ایک بیان میں کہا کہ یہ حقیقت سمجھ سے بالاتر ہے کہ بھارتی جیل میں قیدیوں کے درمیان لڑائی اس حد تک شدت اختیار کر گئی کہ پاکستانی قیدی شاکر اللہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ڈاکٹر فیصل نے رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی سلامتی اور تحفظ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے جسے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اضافی اقدامات کرنے چاہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو تمام پاکستانیوں خصوصاً بھارتی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے اضافی سیکیورٹی فراہم کرنی چاہیے۔ اس طرح کے افسوسناک اور قابل مذمت واقعات کو دہرانے کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔