”آصف علی زرداری کا یہ والا فیوز اڑا ہوا ہے “شیخ رشید نے آصف علی ز رداری کو آڑے ہاتھوں لے لیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے اور ان کا پاس ورڈ گم ہوگیا ہے، آغا سراج درانی کی گرفتاری پر سندھ میں ایک مکھی نے بھی پر نہیں مارا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کی بات کرتے نہیں دیکھا، نوازشریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہوجاتے ہیں، نوازشریف کو کھلی ہوا چاہیے، لال حویلی کی چھت کھلی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو ایسی ایسی بیماری نکلتی ہے جس کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں صرف برطانیہ میں ہی ہوتا ہے۔شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ان لوگوں نے چالیس سال ملک پر قبضہ کیے رکھا، عجیب فیشن ہے زرداری کہتے ہیں میرا کیس کراچی میں چلاو اور نوازشریف کہتے ہیں لاہور میں چلاو، اس کے پیچھے کچھ تو وجہ ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں میرا کوئی مخالف نہیں، عمران خان میرا بھائی ہے اور پی ٹی آئی والے بچے ہیں، صرف عمران ہی پی ٹی آئی ہے۔پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ مودی ار ایس ایس کا شوٹر ہے، وہ چار ریاستوں میں الیکشن ہارنے کے بعد پاکستان سے پنگا لینے کی کوشش کررہا ہے، مودی نے 70 فیصد تک جنگ کے چانس پیدا کیے ہیں، اگر بھارت نے حملہ کیا تو یکمشت تمام قرضے چکا دیں گے۔