وزیر اعظم عمران خان آج میانوالی میں شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے

وزیر اعظم عمران خان آج میانوالی میں شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے
وزیر اعظم عمران خان آج میانوالی میں شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان آج(اتوار کو ) اپنے آبائی ضلع میانوالی کے علاقے کندیاں میں شجرکاری مہم کا افتتاح کریں گے،شجرکاری مہم کے دوران ملک بھر میں 25کروڑ پودے لگانے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حالیہ موسم بہار کے دوران ملک بھر میں 250ملین درختوں کے پودے لگائے جائیں گے، جس کے لیے تمام صوبائی حکومتوں، سرکاری اور غیرسرکاری اداروں کے تعاون سے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر شروع ہونے والی موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح وزیراعظم عمران خان اتوار کے دن ضلع میانوالی کے علاقے کندیاں میں کررہے ہیں، اس تقریب میں  پنجاب حکومت کے اہم عہدے دار، سیاسی نمائندے،سرکاری اور غیرسرکاری تنظیموں کے افسران و نمائندے شرکت کریں گے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ 23فروری کو(آج) پلانٹ فار پاکستان ڈے کے طور پر ملکی سطح پر منایاجارہاہے اور اس ایک دن میں تقریبا ایک کروڑ تیرہ لاکھ درختوں کے پودے ملک بھر میں لگائے جائیں گے،اس کے حوالے سے آج ملک بھر میں 440 تقاریب منعقد کی جارہی ہیں۔ملک امین اسلم نے کہا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران 25 کروڑ پودے وزیر اعظم کے 10 بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت لگائے جارہے ہیں،جس کا خاص مقصد عالمی حدت کے باعث رونما ہونے والی موسمیاتی تباہ کاریوں کے سماجی، معاشی، صحت اور ماحولیات جیسے شعبوں پر مرتب ہونے والی منفی اثرات پر قابو پانا ہے۔

دوسری طرف وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے شعبہ جنگلات کے سربراہ انسپکٹر جنرل فاریسٹ محمد سلیمان خان وڑائچ نے کہا کہ اتوار سے شروع ہونے والی موسم بہارکی شجرکاری مہم جون 30تک جاری رہے گی اور اس دوران ملک بھر میں 25کروڑ پودے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے لگائے جانے کا اہداف مقررکیا گیا ہے ،جس کے لیے تمامی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ موسم بہار کی شجرکاری کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کی جانب سے مقرر کیے گئے اہداف کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزارت کے شعبہ جنگلات کے سربراہ سلیمان خان وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے موسم بہار کے دوران100 کروڑ درختوں کے پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہےجب کہ خیبرپختونخوا میں 8 کروڑ 30 لاکھ پودے، آزادجموں و کشمیر 2کروڑ 34 لاکھ پودے، سندھ 2 کروڑ پودے، گلگت بلتستان 1 کروڑ 10 لاکھ پودے، بلوچستان 90 لاکھ پودے لگائیں گے۔

مزید :

قومی -