عمران خان نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر پاکستان کو ایسی ریاست بنا دیا ہے کہ ۔۔۔نہال ہاشمی نےوزیر اعظم پر سنگین الزام عائد کر دیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی نے کہاکہ عمران خان نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا لیکن ملک کا بیڑا غرق کردیا، پاکستان کو ایسی ریاست بنا دیا ہے کہ لوگ خودکشیاں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں،حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں ملک معاشی طور اتنا کمزور ہوگیا ہے کہ کاروباری اور دفتر میں بیٹھنے والا ہر شخص پریشان ہے،دفاتر ویران ہوتے جارہے ہیں لیکن وزیراعظم عمران خان کوئی اقدام نہیں اٹھا رہے۔
کراچی پریس کلب کے باہر مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئےنہال ہاشمی نے کہاکہ نواز شریف کے دور میں بجلی، گیس، چینی اور آٹا سستا تھا،ہم نے انتقام کی سیاست نہیں کی،ریاست مدینہ میں کتا بھی بھوکا نہیں سوتا تھا،یہاں تو انسان مر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ ان حکمرانوں کو لیکر آئے تھے آج وہ بھی شرمندہ ہیں،نواز شریف کے دورمیں کراچی میں امن تھا،مسلم لیگ ن کی رہنما سورٹھ تھیبو نے کہاکہ عمران خان نے کہا تھا میں دودھ کی نہریں بہاؤں گا،یہاں عوام کا خون چوسا جارہا ہے،غریب عوام دال روٹی سے بھی محروم ییں۔راجہ انصاری نے کہاثابت ہوگیا کہ عمران خان نااہل اور نالائق آدمی ہے،مزدور خودکشیاں کرنے مجبورہیں،کاروباری طبقہ سب سے زیادہ پریشان ہے۔