کوئلہ کی درآمدات 30ملین ٹن سالانہ تک بڑھنے کا امکان

کوئلہ کی درآمدات 30ملین ٹن سالانہ تک بڑھنے کا امکان

  



اسلام آباد (اے پی پی) کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے رجحان میں اضافہ سے کوئلہ کی ملکی درآمدات 30 ملین ٹن سالانہ تک بڑھنے کا امکان ہے، کوئلے کی بندرگاہ سے پاور پلانٹس تک ترسیل کے لئے محفوظ اور مؤثر نظام کی ضرورت ہے، جس سے ماحولیات کے مسائل کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ ماحولیات کے شعبہ میں خدمات سر انجام دینے والے محمد عاقل نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس وقت سیمنٹ تیار کرنے والے مقامی ادارے 8 ملین ٹن کوئلہ درآمد کر رہے ہیں جبکہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس سالانہ 12 ملین ٹن کوئلہ درآمد کرتے ہیں۔ اس طرح کوئلے کی موجودہ ملکی درآمدات 20 ملین ٹن سالانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کی تعداد میں اضافہ سے آنے والے سالوں کے دوران کوئلہ کی ملکی درآمدات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں میں کوئلے کی درآمدات 30 ملین ٹن سالانہ تک بڑھنے کی توقع ہے جس سے ماحولیات کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ محمد عاقل نے کہا کہ بندرگاہ سے پلانٹس تک کوئلے کی ترسیل کے نظام کو مزید محفوظ اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ماحولیات اور صحت کے مسائل سے بچا جا سکے۔

مزید : کامرس