اسٹیبلشمنٹ کیساتھ موجودہ پاور شیئر نگ فارمولا کے تحت اقتدار میں نہیں آئینگے:بلاول بھٹو

  اسٹیبلشمنٹ کیساتھ موجودہ پاور شیئر نگ فارمولا کے تحت اقتدار میں نہیں ...

  



لاہور(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کا ٹھیکہ پورا ہو چکا یہ چھ ماہ میں چلی جائے گی، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ موجودہ پاور شیئرنگ فارمولا کے ساتھ اقتدار میں نہیں آئیں گے، حکومت میں آئے تو اس پاور شیئرنگ پر نظر ثانی کریں گے،پاور شیئرنگ کیلئے کوئی ڈیل نہیں کریں گے۔ بلاول ہاؤس لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ حکومت ٹھیکے پر لی گئی ہے اس کے پاس کوئی اختیار نہیں،جب حکومت ٹھیکے پر ملے تو وہی کرتی ہے جو ٹھیکہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ موجودہ پاور شیئرنگ فارمولا کے ساتھ اقتدار میں نہیں آئیں گے،۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے ذریعے پارلیمینٹ اور سویلین بالادستی کو یقینی بنایا،بیرونی طاقتیں سلیکٹڈ حکومتوں کو ہی استعمال کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سے پہلے نواز شریف بھی سلیکٹڈ تھے، مسلم لیگ (ن)بھی عمران خان کی طرح پارلیمنٹ کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی، قائد حزب اختلاف کا کردار اہم ہوتا، امید ہے شہباز شریف جلد واپس آئیں گے، پنجاب کے عوام کو جب ضرورت پڑی ہے تو ان کے لیڈر ہی غائب ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے 17ارکان کے ساتھ بھاری اکثریت والے نواز شریف کو امیرالمومین بننے نہیں دیا تھا۔۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں کتا کاٹے تو بریکنگ بنتی ہے جبکہ فیصل آباد اور لاہور میں کتے کاٹیں تو کوئی بریکنگ نہیں، سندھ ایچ آئی وی برا اور پنجاب کا ایچ آئی وی اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ابھی تو شروع ہو رہی ہے،گرمیاں آنے دیں، بجلی ہوگی نہ ایئر کنڈیشن چلیں گے مگر بل تاریخی آئیں گے۔مراد علی شاہ شہباز شریف سے بھی بہتر تھے اور موجودہ وزرا ئے اعلی سے بھی بہتر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آٹے اور لال مسجد سمیت مشرف دور کے تمام بحران دوبارہ سر اٹھا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کے بعد اب ٹرمپ کی انتخابی مہم چلائی جا رہی ہے، کیا منافقت ہے کہ ہم سے ڈو مور کا مطالبہ کرنے والے سراج حقانی کے انٹرویو چھاپتے ہیں۔

بلاول بھٹوزرداری

مزید : صفحہ اول