دہشتگردی کیخلاف جنگ سے خطے میں امن آیا،ملکی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں:جنرل قمر باجوہ

دہشتگردی کیخلاف جنگ سے خطے میں امن آیا،ملکی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کو درپیش تمام خطرات سے آگاہ اور ان سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان اور خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی فضاء تقویت پا رہی ہے۔ سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے آپریشن ردالفساد کے 3 سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف دو دہائیوں تک لڑی جانیوالی جنگ کے نتائج خطے میں امن کی صورت میں ظاہر ہو رہے ہیں، پاک فوج تمام خطرات سے آگاہ ہے اور ہر قیمت پر وطن کا دفاع یقینی بنائے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق آپریشن ردالفساد کو تین سال مکمل ہو گئے ہیں، 22 فروری 2017ء کو ملک بھر میں آپریشن ردالفساد شروع کیا گیا، جس کا مقصد ماضی کے آپریشنز کے دوران ملنے والی کامیابیوں کو تقویت دینا اور بلا تفریق ہر قسم کی دہشتگردی کا خاتمہ کرنا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردی کے مکمل خاتمے، سرحدوں کے دفاع کیلئے آپریشن ردالفساد کے پائیدار نتائج سامنے آئے، دہشتگردی سے سیاحت تک سکیورٹی فورسز کو قوم کی مکمل حمایت حاصل رہی تاہم ان کامیابیوں کی قیمت بھاری جانی اور مالی نقصان سے ادا کی گئی۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، جنہوں نے اپنا خون دیکر اس وطن کی آبیاری کی، ہمیں اپنے شہیدوں پر فخر ہے، جس طرح انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں قوم نے بھرپور حمایت کی، وہ لائق تحسین ہے، انتہاپسندی کے خلاف جنگ میں قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔
جنرل باجوہ

مزید :

صفحہ اول -