ایران میں کرونا کا پھیلاؤ،بلوچستان حکومت الرٹ،وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم سے رابطہ

  ایران میں کرونا کا پھیلاؤ،بلوچستان حکومت الرٹ،وزیر اعلیٰ کا وزیر اعظم سے ...

  



اسلام آباد،کوئٹہ (آئی این پی)ایران میں مہلک کرونا وائرس سے ہلاکتوں کے بعد بلوچستان حکومت نے ہمسایہ ملک سے ملحقہ سرحدی اضلا ع میں ایمرجنسی نافذ کر نے سمیت وزیراعلیٰ جام کمال نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں انہوں نے ایران میں کرونا وائر س کے پھیلنے کی اطلاعات سے متعلق تبادلہ خیال کیا، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا وہ صوبہ میں کرونا وائرس سے بچا ؤکے اقدامات کی خود نگرانی کرر ہے ہیں، بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایران میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد5ہوگئی اور20سے زائد افراد متاثر ہیں، پڑوسی ملک میں کرونا سے ہلاکتوں میں اضافے کے بعد بلوچستان حکومت بھی حرکت میں آگئی اور سرحدی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کردی۔اس ضمن میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک را بطہ کیااور ایران میں کرونا وائرس کی اطلاعات پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ضلعی صحت افسران کو تمام احتیاطی تدابیر کی ہدایت کی گئی ہے، خصوصی طبی ٹیمیں سرحدی علاقے تفتان اور دیگر حساس علاقوں میں تعینات کردی گئی ہیں۔وزیراعلی بلوچستان نے بعدازاں معاون خصوصی صحت ڈاکٹرظفرمرزا سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا۔دوسری جانب ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان ڈاکٹر شاکر بلوچ کا کہنا ہے کہ پاک ایران سرحدی علاقے تفتان میں حفاطتی اقدامات سخت کردیے گئے اور 10 ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم جدید آلات کیساتھ تفتان روانہ کردی ہے۔ تفتان اور دالبندین میں بھی آئسولیشن وارڈز قائم کردیے گئے ہیں جبکہ چمن میں پاکستان آنیوالے افراد کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔

بلوچستان حکومت

مزید : صفحہ اول