اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز،پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈیایٹرز کو شکست دیدی
لاہور،کراچی(افضل افتخار) اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز،پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی،تفصیلات کے مطابق، ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا جو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 17ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 45 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلنے پر لیوک رونکی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت ہوا۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ذیشان اشرف اور اوپنر جیمز ونس کے علاوہ ملتان سلطانز کا کوئی بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز ذیشان اشرف 29 گیندوں پر 50 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ وکٹ کیپر بلے باز کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ جیمز ونس نے 6 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 42 رنز کی اننگز کھیلی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد بٹ نے 4 اور فہیم اشرف نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔جواب میں لیوک رونکی اور کولن منرو پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 59 گیندوں پر 92 رنز کا مضبوط آغاز فراہم کرکے فتح کی بنیاد رکھی۔ کولن منرو 32 گیندوں پر 50 رنز بناکر پویلین واپس لوٹے تو لیوک رونکی نے ڈیوڈ ملان کے ہمراہ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی دھواں دھار شراکت قائم کی۔ لیوک رونکی نے 45گیندوں پر 74رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ڈیوڈ ملان 5 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 35 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 17ویں اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کرلیا۔ملتان سلطانز کے محمد الیاس اور شاہد آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ میں شاندار بلے بازی کرنے پر لیوک رونکی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔جبکہ آج لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز اور دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔دوسر ی طرفپی ایس ایل فائیو کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں کامران اکمل نے جارحانہ آغاز فراہم کرتے ہوئے 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔بعد ازاں کامران اکمل نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی تیسری سنچری مکمل کی اور وہ 55 گیندوں پر 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 4 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ حیدر علی 25 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔ کوئٹہ کی جانب سے فواد احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل میچ کا ٹاس پشاور زلمی نے جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ کی جانب سے جیسن روئے اور شین واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا، واٹسن صرف 8 رنز بنانے کے بعد وہاب ریاض کا شکار بنے۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے احمد شہزاد بھی صرف 12 رنز ہی بناسکے تاہم اوپننگ بلے باز جیسن روئے نے ذمہ دارنہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محتاط انداز میں نصف سنچری سکور کی تاہم وہ بڑی شارٹس مارنے میں ناکام رہے۔ کپتان سرفراز احمد نے 25 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں کامیابی سے ہمکنار کروانے والے اعظم خان 9 گیندوں پر صرف 5 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ جیسن روئے 73 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے 2 جب کہ عامر خان اور ڈیرن سیمی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل