شعبہ فارمیسی کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں‘ ڈاکٹر اطہر محبوب

    شعبہ فارمیسی کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں‘ ڈاکٹر اطہر محبوب

  



بہاول پور(بیورورپورٹ) شعبہ مینجمنٹ فارمیسی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے زیر اہتمام دوسری بین الاقوامی فارمیسی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر نے کہا کہ جامعہ میں شعبہ فارمیسی (بقیہ نمبر7صفحہ12پر)

کی ترقی اور الائیڈ ہیلتھ شعبوں کے قیام کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ہیلتھ سیکٹر ایک طرف تو بڑھتی ہوئی آبادی کی بدولت بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے تو دوسری جانب اس میں روزگار کے مواقع بھی بے پناہ ہیں۔ بغداد الجدید کیمپس میں شعبہ فارمیسی کی سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی تعمیر موجودہ مالیاتی سال میں ہی شروع کر دی جائے گی تاکہ اس شعبے میں تدریس اور تحقیق کی جدید ترین سہولیات میسر ہوں۔ حکومت پنجاب جامعہ اسلامیہ میں کنونشنل میڈیسن کالج کی عمارت کی تعمیر کے لیے بھی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں فنڈ ز مختص کر رہی ہے جس سے طبِ مشرق،ہومیو پیتھی اور دیگر طریقہ علاج فروغ پائیں گے۔ جامعہ میں نرسنگ کے شعبے کے قیام کے لیے بھی اقدامات کر لیے گئے ہیں جہاں اس شعبے کی بہترین تعلیم مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر ڈین فیکلٹی آف فارمیسی پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر اور اُن کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے بتایا کہ کانفرنس میں 170ملکی اور غیر ملکی مندوبین نے شریک ہو کر فارماسیوٹکس، فارماکالوجی، فارمیسی پریکٹس، فارما کوگنوسی اور فارما سیوٹیکل کیمسٹری جیسے اہم شعبوں سے متعلق تحقیقی مقالات پیش کیے اور جدید ترین تحقیق سے آگاہ کیا۔ کانفرنس کے فوکل پرسن ڈاکٹر اسدا للہ مدنی نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی تعاون اور سرپرستی پر وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب کا شکریہ ادا کیا اور مندوبین کی بہاول پور آمد اور جامعہ کے محققین اور طلبہ وطالبات کی رہنمائی کی بدولت کانفرنس کو ایک کامیاب ایونٹ قرار دیا۔ اس موقع پر ادویہ ساز اِداروں نے خصوصی نمائش کا بھی انعقاد کیا جہاں پر اس شعبے میں ہونے والی صنعتی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں اور ملازمت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔

اطہر محبوب

مزید : ملتان صفحہ آخر