پی ایس ایل میلہ: ملتان سٹیڈیم میں رنگوں کی بہار، ٹریفک، سکیورٹی پلان فائنل: روٹس پر کڑی نظر

  پی ایس ایل میلہ: ملتان سٹیڈیم میں رنگوں کی بہار، ٹریفک، سکیورٹی پلان ...

  



ملتان(سپیشل رپورٹر‘ وقائع نگار‘ نمائندہ خصوصی) پاکستان سپر لیگ کا رنگ جمانے کیلیے ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کی سج دھج جاری ہے اورجنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ کی میزبانی کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئیں ہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی قیادت میں تمام ادارے ہائی پروفائل شو کی بھرپور کامیابی کے لیے دن رات کوشاں ہیں،ڈپٹی کمشنر اور (بقیہ نمبر11صفحہ12پر)

سی پی او کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اسٹیڈیم اور روٹس کے وزٹس جاری ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز قمرالزمان قیصرانی،محمدطیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید بھی انتظامات کو منظم بنانے لیے سرگرم ہیں۔ گزشتہ روز مینجنگ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ناصر شہزاد ڈوگر نے روٹ اور اسٹیڈیم کا معائنہ کیا۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، واسا، میٹروپولیٹن کارپوریشن، ریسکیو اور سول ڈیفنس کی گزشتہ تین ہفتوں سے جاری کوششیں رنگ لے آئیں ہیں اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگوں کی بہار امڈ آئی ہے۔ پویلینز کی چئیرز کو سفید، نیلے اور سبز کلر کے پینٹ نے اسٹیڈیم کو چارچاند لگا دئے ہیں اورگراونڈکی سبز مخملی گھاس نے ماحول کو اور جاذب نظر بنا دیا ہے۔گراونڈ کی فلڈ لائٹس، باونڈری وال اور اسٹیڈیم روڈ کی سٹریٹ لائٹس بحال کر دی گئیں ہیں،رات کے وقت آزمائشی طور پر لائٹس آن کی گئیں تو پورا اسٹیڈیم اور روڈ روشنی میں نہا گیا۔دوسری طرف پی سی بی نے فاطمہ جناح کالونی میں بسوں،ویگنوں اور کاروں کی پارکنگ کا کنٹریکٹ الاٹ کر دیا ہے،پارکنگ ایریا میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے،پارکنگ ایریا سے اسٹیڈیم جانے تک ضلعی انتظامیہ ٹرانسپورٹ فراہم کرے گی۔ علاوہ ازیں پولیس کی طرف سے ٹریفک پلان جاری اور سکیورٹی پلان بھی فائنل کر دیا گیا ہے۔سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 100 سینٹری ورکرز میچوں کے دوران بھی صفائی کے لئے ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔ جبکہ تمام الائیڈ محکموں نے اپنے افسران اور ملازمین کے ڈیوٹی روسٹرز بھی جاری کر دیئے ہیں۔ ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب طویل عرصے کے بعد کرکٹ کے میگا ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہا ہے اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران پولیس سمیت مختلف سکیورٹی فورسز کے 5 ہزار سے زائد جوان ڈیوٹی سرانجام دینگے تاکہ عوام پرامن ماحول میں کرکٹ سے لطف اندوز ہوسکیں.ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آر پی او آفس میں منعقدہ پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔کمشنر ملتان ڈویڑن شان الحق،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک،سی پی او زبیر احمد دریشک سمیت سیکورٹی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی.ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مثالی سیکورٹی اقدامات کرکے جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ کو تفریح کا موقع فراہم کرینگے۔پولیس کی جانب سے سٹیڈیم اور روٹس پر سیکورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی۔وسیم احمد خان نے کہا کہ پولیس،انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے مشترکہ حکمت عملی سے ایونٹ کامیاب بنائیں گے۔کمشنر شان الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے میگا ایونٹ کی کامیابی کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔شائقین کرکٹ کو میگا ایونٹ میں شرکت کیلئے پرامن ماحول فراہم کرینگے۔اس موقع پر سی پی او نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ٹیموں اور عوام کی حفاظت کیلئے ضلعی پولیس مکمل چوکس ہے۔روٹس اور ہوٹلوں پر خصوصی سکیورٹی انتظامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا کہنا تھا کہ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی، واسا، ریسکیو اور سول ڈیفنس سمیت تمام ادارے ایونٹ کی کامیابی کیلئے سرگرم ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ضلعی افسران کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں۔گراونڈ فلڈ لائٹ، باونڈری وال اور اسٹیڈیم روڈ کی سٹریٹ لائٹس بحال کر دی گئیں ہیں۔اس موقع پر سیکورٹی کے مخلتف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ پاکستان سپرلیگ کے ملتان میں ہونے والے میچوں کے موقع پرٹرینوں کے ذریعے آنے والی شائقین کی رہنمائی کے لئے ریلوے ملتان ڈویژن کاسکاؤٹ دستہ ریلوے اسٹیشن پرخصوصی کیمپ لگائے گا۔بتایاجاتاہے سکاؤٹ کمشنرریلوے ملتان ڈویژن ڈی ایس ملتان نے اس سلسلہ میں ہدایات جاری کردی ہیں سکاؤٹ دستہ کرکٹ میچ دیکھنے کے لئے مسافرٹرینوں کے ذریعے آنے والے شایقین کی اسٹیڈیم تک جانے کے لئے مکمل رہنمائی کرے گا۔

رنگوں کی لہار

مزید : ملتان صفحہ آخر