وزیر اعظم مہنگائی میں کمی کیلئے ”پیاروں“کی سرپرستی چھوڑ دیں:سراج الحق

وزیر اعظم مہنگائی میں کمی کیلئے ”پیاروں“کی سرپرستی چھوڑ دیں:سراج الحق

  



لاہور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنے پیاروں کی سرپرستی چھوڑ دیں تو مہنگائی میں خود بخود کمی آنا شروع ہوجائے گی،بجلی و گیس کے ساتھ تیل اور خوردونوش کی قیمتوں کو بھی کم از کم ایک سال کیلئے منجمد کیا جائے،بجلی چوری اور لائن لاسز حکومت کی نااہلی ہے اس کا بوجھ عوام پر کیوں ڈالا جارہا ہے،اس سے بڑا ظلم کیا ہوسکتا ہے کہ حکومت بجلی چوروں کو جانتے ہوئے بھی پکڑنے کی زحمت نہیں کرتی، غریب روٹی کے نوالے کو ترس رہے ہیں اوروزیر اعظم روزانہ قوم کو لالی پاپ دیتے رہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں مصالحتی جرگہ سے خطاب اور بعد ازاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہا کہ طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں،پاکستان کا امن افغانستان کے امن سے جڑا ہوا ہے۔افغانستان سے امریکی فوجوں کا جلد ازجلد انخلا خطے میں امن اور ترقی کیلئے ضروری ہے۔ایف اے ٹی ایف کے معاشی سے زیادہ سیاسی مقاصد ہیں،عالمی سامراج ایف اے ٹی ایف کو عالم اسلام کے خلاف استعمال کررہا ہے۔پاکستان کو دباؤ میں رکھنے کیلئے ایف اے ٹی ایف ہر چار ماہ بعد پھر گرے لسٹ میں ڈال دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک پر مسلط ظالمانہ نظام کے ہوتے ہوئے پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔سابقہ حکمرانوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے موجودہ حکمرانوں نے بھی ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی کی پالیسی کو اپنا رکھا ہے۔سابقہ حکمرانوں نے 31ہزار ارب قرضہ لیکر قوم کو آئی ایم ایف کی زنجیروں میں جکڑ ا تھا او ر موجودہ حکومت نے صرف اٹھارہ میں میں گیارہ ہزار ارب قرضہ لیکر غلامی کے اس شکنجے کو مزید کس دیا ہے۔اس وقت ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح آئی ایم ایف نے ہمارے معاشی نظام پر قبضہ کررکھا ہے۔سابقہ حکومتوں میں آئی ایم ایف کا وفد حکومتی اہلکاروں سے اور اب آئی ایم ایف کا وفد آئی ایم ایف کے نمائندوں سے ہی مذاکرات کرتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ آج خطے کے تمام ممالک ہم سے جی ڈی پی میں آگے ہیں،ہماری کرنسی کی ویلیوختم ہوکر رہ گئی ہے،افغانستان،نیپال، بھوٹان اور مالدیپ جیسے ممالک نے بھی معاشی ترقی میں ہمیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سودی معیشت ملکی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ اور نحوست ہے۔ جن معاہدوں نے پاکستانی قوم کو جکڑ رکھا ہے اور عوام کا استحصال ہورہا ہے ان تمام معاہدوں کومنسوخ کیا جائے۔مینجمنٹ کو بہتر بنایا جائے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو،غیر ترقیاتی اخراجات کو ختم کرکے پیسہ غریب عوام پر خرچ کیا جائے۔لوٹی ہوئی دولت واپس لیکر خزانے میں جمع کی جائے۔عوام کا خون پسینہ نچوڑ کرخزانے کو بھرنے کی بجائے بڑوں کا احتساب کرکے ان سے قومی دولت واپس لی جائے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر