ہسپتالوں میں لمبے عرصے سے تعینات سوشل ویلفیئر میڈیکل افسروں کیخلاف شکنجہ تیار

ہسپتالوں میں لمبے عرصے سے تعینات سوشل ویلفیئر میڈیکل افسروں کیخلاف شکنجہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جاویداقبال)حکومت پنجاب نے ہسپتالوں میں سالہا سال سے تعینات محکمہ سوشل ویلفیئر کے میڈیکل افسروں کے خلاف شکنجہ تیار کر لیا، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال نے ڈی جی سو شل ویلفیئر ڈاکٹر عائشہ سے افسروں کی پانچ سالہ کارکردگی کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے 24 فروری کی ڈیڈ لائن دے دی۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری سوشل ویلفیئراینڈ بیت المال کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی سوشل ویلفیئر تمام ہسپتالوں اور دیگر پروجیکٹس میں تعینات تمام سوشل میڈیکل افسر وں کی پانچ سالہ کارکردگی کیساتھ ساتھ تعیناتی کامقام اور عرصہ رپورٹ کریں۔ سوشل میڈیکل آفیسرز کی لمبے عرصے تک ایک ہی جگہ پر تعینات کرکے قانون کی خلاف ورزی کیوں کی گئی اور ایسے افسر جن کے خلاف شکایات ہے ان کی تفصیلات بھی فراہم کی جائے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے ایسے سوشل میڈیکل آفیسرز جو ہسپتالوں میں ویلفیئر سوسائٹیز چلا رہے ہیں انہوں نے کتنا عملہ پرائیویٹ رکھا ہوا ہے اور ان کی تنخواہیں کہاں سے ادا کی جارہی ہے اور انہیں کس کی اجازت سے رکھا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر عائشہ نے سوسائٹیز کے ذریعے جمع کردہ فنڈزسے مریضوں کوریلیف دینے کے بجائے غیر ضروری سامان کی خریداری کرنے والے 100سے زائد افسروں کی فہرست مرتب کرلی۔اس حوالے سے ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹرعائشہ نے بتایا کہ ناقص کارکردگی کے حامل اور 5برسوں سے ایک ہی جگہ تعینات افسروں کوتبدیل کرنے کی سفارش کی جائے گی۔
سوشل ویلفیئر

مزید :

صفحہ آخر -