مکمل انسان دین، علم اور ایمان سے بنتا ہے، مولوی ضیاء الحق

مکمل انسان دین، علم اور ایمان سے بنتا ہے، مولوی ضیاء الحق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کرک (نمائندہ خصوصی)کرک میں منعقدہ تین روزہ ایمان آفروز تبلیغی اجتماع اختتام پذیر، رو ح پرور مناظر، اجتماعی دعا میں دین اسلام کی سر بلندی سمیت ملک و قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی سا لمیت کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔تبلیغی مرکز کرک شہر سے متصل علاقے میں تقریبا تین کلو میٹر پر محیط میدان میں منعقدہ تبلیغی اجتماع کے آخری روز تبلیغی جماعت کے معروف مدرس مولوی ضیا الحق نے ہدایات جبکہ رائے ونڈ تبلیغی مرکز کے امیر احمد بٹلہ نے اختتامی دعا پڑھائی، اختتامی دعا کیلئے کرک سمیت جنوبی اضلاع بالخصوص لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، ٹانک و دیگر علاقوں نے مزید لاکھوں افراد کے قافلے امڈ آئے جس کے باعث انڈس ہائی وے سمیت شہر کی مین شاہراہ اور دیگر منسلک سڑکوں پر گھنٹوں ٹریفک معطل رہی، موبائل، انٹر نیٹ سروس اور اجتماع کے حدود میں دیگر وسائل بھی نایاب ہو گئے، مولوی ضیا الحق اور دیگر امرا نے اجتماع کے لاکھوں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام کو پوری دنیا تک پہنچانا پر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور کہا کہ مکمل انسان دین علم اور ایمان سے بنتا ہے، ہر مسلمان کو سوچیں کہ دین اسلام ہم تک کیسے پہنچا اور ہماری آنیوالی نسلوں تک کیسے پہنچے گا ان کا کہنا تھا کہ دونوں جہانوں کی کامیابی دین اسلام میں ہے اور دین کو محنت سے جوڑا گیا ہے جبکہ بے دینی گھر میں لگی آگ کے مانند ہے اور اس آگ سے خود محفوظ رہنے کے ساتھ ساتھ دوسرے بھائیوں کو بچانا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ احکام الہی پر مکمل طور پر عمل پیرا ہونے کیلئے علم کا حصول لازمی ہے کیونکہ وکالت، صحافت، ملازمت، حکومت،وزارت اور زندگی کا ہر شعبہ علم کا محتاج ہے مگر بد قسمتی یہ ہے کہ ہم اپنے آپ کو محتاج نہیں سمجھتے، دین سے دوری اور لا علمی عذاب الہی کو دعوت دینا ہے انہوں نے دعوت تبلیغی کے عالمگیر جدوجہد کو عام کرنے کیلئے محلوں کے مساجد کی سطح پر عمومی گشت کو اہمیت کا حامل قرار دیا دریں اثنا اختتامی دعا میں دین اسلام کی سربلندی سمیت عالم اسلام بالخصوص ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں گئیں۔