اثاثہ جات ریکوری یونٹ غیر قانونی،وزیر اعظم سمیت کئی اہم شخصیات نے آف شور کمپنیوں میں اثاثے چھپائے:جسٹس قاضی فائز

اثاثہ جات ریکوری یونٹ غیر قانونی،وزیر اعظم سمیت کئی اہم شخصیات نے آف شور ...

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں) جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے صدارتی ریفرنس کیخلاف جواب الجواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔ وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر سیاستدانوں،اہم شخصیات پر آف شور کمپنیاں بنانے کا الزام لگا دیا۔ درخواست گزار جسٹس قاضی فائز عیسی نے اپنے وکیل منیر اے ملک کے ذریعے 116 صفحات پر مشتمل جواب الجواب سپریم کورٹ میں جمع کرایا۔ جواب میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خود اپنی اہلیہ اور بچوں کے اثاثے ظاہر نہیں کیے، سپریم کورٹ توہین عدالت مقدمہ میں سابق وزیراعظم کو سزا دے چکی ہے۔جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ اور بچوں نے برطانیہ کی جائیداد کو آف شور کمپنیوں کے ذریعے کبھی نہیں چھپایا، برطانیہ کی جائیدادیں اہلیہ اور بچوں نے اپنی نام پر خریدیں۔ جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے جواب میں کہا کہ حکومت نے ان کے موکل کی فیملی کی مخبری کیلئے برطانیہ میں نجی کمپنی کی خدمات حاصل کیں لیکن ابھی تک منی لانڈرنگ کے کوئی ثبوت پیش نہ کرسکی۔جمع کرائے گئے جواب میں جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے اثاثہ جات ریکوری یونٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک قانونی باڈی نہیں، اثاثہ جات ریکوری یونٹ کے قانون کا وفاقی حکومت کے رولز اور سرکاری گزٹ میں ذکر نہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

مزید : صفحہ اول