پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کیلئے کابل تک سفر طے کر لیا:شاہ محمود

پاک امریکہ تعلقات میں بہتری کیلئے کابل تک سفر طے کر لیا:شاہ محمود

  



اسلام آباد(آئی این پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم نے امریکہ سے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے کابل تک کا سفر طے کر لیا، پاکستان کی موجودگی میں 29فروری کو امریکہ طالبان کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوں گے، پاکستان کے بغیر ان معاملات کا آگے بڑھنا ممکن نہیں تھا،پاکستان نے خلوص اور نیک نیتی سے افغان امن عمل میں اپنا کردار ادا کیا، اب افغانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہے،افغان قیادت کو اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے، افغانستان کے مسئلے کا پر امن حل آسان تھا اور نہ ہے، امریکہ سمیت پوری دنیا ہمارے کردار کو سراہ رہی ہے۔ ایک بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جب امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو پاکستان آئے اورمیں نے پاک امریکہ تعلقات کو از سر نو استوار کرنے کے حوالے سے بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتری کا یہ راستہ کابل سے مشروط ہے، اب میں ان کو باور کروانا چاہتا ہوں کہ ہم نے اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے ہم نے کابل تک کا سفر طے کر لیا ہے ہم نہ صرف ایک مستند وفد کو سامنے لے کر آئے بلکہ اس وفد نے مذاکرات کو منطقی انجام تک بھی پہنچایا۔ اب افغان کی قیادت کی ذمہ داری ہے جنہوں نے اس جنگ کی بھاری جانی اور مالی قیمت ادا کی ہے، اس قیادت کو اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ میرا تجزیہ ہے کہ افغانستان کے عوام تو امن چاہتے ہیں اب یہ خواص پر منحصر ہے کہ وہ امن کی کاوشوں کو آگے بڑھاتے ہیں یا اسے سیاسی رسہ کشی کی نظر کرتے ہیں اس کی تمام ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے پاکستان پر نہیں۔ پاکستان کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط ہوں گے کیونکہ پاکستان کے بغیر ان معاملات کا آگے بڑھنا ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ 29فروری کے بعد کوشش ہے کہ ایک جامع وفد تشکیل پائے تاکہ انٹرا افغان مذاکرات کی طرف بڑھا جا سکے۔ یہ مذاکرات کب اور کیسے ہوں گے اس حوالے سے بھی طے کر لیا گیا۔

شاہ محمود قریشی

مزید : صفحہ اول