مشیر ریاض خان کا ماربل کان میں سلائیڈنگ کے وقوعہ کا دورہ

مشیر ریاض خان کا ماربل کان میں سلائیڈنگ کے وقوعہ کا دورہ

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے آبنوشی ریاض خان نے بونیر کے بامپوحہ علاقے کی ماربل کان میں سلائیڈنگ سے پیش ہونے والے ناخوشگوار واقعے کا دورہ کیا اور 1122 ریسکیو کے آپریشن کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی نے واقع میں اموات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کو صبر جمیل عطا کر نے کے لئے دعا بھی کی۔اطلاعات کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے تقریباً 30 افراد دب گئے جس میں سے اب تک 15 افراد ریسکیو 1122کی کوششوں سے نکالے گئے ہیں۔نکالے جانے افراد میں سے 7 افراد جان بحق جبکہ 8 زخمی حالت میں ہیں چار زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جن کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کیا گیا ہے۔اس موقع پر ریاض خان نے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں اور ریسکیو ٹیموں کو تمام وسائل بروئے کار لا کر دبے ہوئے افراد کو جلد از جلد نکالنے کی احکامات جاری کئے۔معاون خصوصی نے صوبائی حکومت کی طرف سے جاں بحق ہونے والوں کے لئے پانچ پانچ لاکھ اور زخمیوں کیلئے ایک ایک لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔

مزید : صفحہ اول