ناکام وزیر اعظم اپنی ناکامی کی سزا بھی خود تجویز کریں:سید مراد علی شاہ

ناکام وزیر اعظم اپنی ناکامی کی سزا بھی خود تجویز کریں:سید مراد علی شاہ

  



سیہون شریف ( رپورٹ/ نصراللہ انصاری )وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ آٹے اور چینی کا بحران ان کی غفلت کے باعث ہوا ہے، ناکام وزیراعظم اپنی ناکامی کی سزا بھی خود تجویز کریں۔صحافی عزیز میمن کے قتل کی تفتیش ایس ایس پی نواب شاہ کے سپرد کی گئی ہے۔ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔پیپلزپارٹی آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے سیہون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ محراب پور کے صحافی عزیز میمن کے قتل کا سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے سخت نوٹس لیا ہے اور ہم نے صوبائی وزیر سعید غنی اور سہیل انور سیال کو عزیز میمن کے ورثاء سے ملاقات کے لئے بھی بھیجا تھاتاکہ فیملی کی خواہش اور اطمینان کے مطابق قتل کی تفتیش ہوسکے اور جس پر بھی ان کو شک ہے اس کے خلاف مقدمہ درج کرایا جاسکے۔عزیز میمن کے ورثاء نے کیمرامین سمیت چار افراد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا ہے۔صحافی عزیز میمن کے خاندان کی خواہش کے مطابق قتل کی تفتیش ایس ایس پی نوابشاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم صحافت کی آزادی پر پورا یقین رکھتے ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت کبھی بھی حقائق کو نہیں چھپائے گی اور جو بھی حقیقت ہوگی اس کو عوام کے سامنے لایا جائے گا۔آئی جی سندھ کی تقرری سے متعلق ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ آئی جی کے لئے ناموں کی لسٹ وفاق کو دی گئی ہے۔ ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود سیہون درگاہ سمیت شہر کا ترقیاتی کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت محصولات جمع کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، صوبوں کو فنڈز ٹرانسفر نہیں کئے جارہے جس کے سبب ترقیاتی منصوبے تعطل کا شکار ہیں، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی سیاست اور معاشی معاملات پر گہری نظر ہے،بلاول بھٹو صاحب مہنگائی سے پسے ہوئے عوام کی نمائندگی کر رہے ہیں اور جیسے ہی وہ حکومت کے خلاف تحریک کا اعلان کریں گے تو اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی ناکامیوں کا خود اعتراف کیا ہے، وفاقی حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ آٹے اور چینی کا بحران ان کی غفلت کے سبب ہوا ہے، وفاقی حکومت نے ناکامی قبول کی ہے تو اپنے لئے سزا بھی خود تجویز کرے۔ایک سوال پر وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کتوں کے کاٹنے کی وجہ سے ہلاکتوں پر سخت نوٹس لیا ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے بلدیاتی اداروں کو احکامات دیئے گئے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ دو مہینے قبل سندھ کابینہ کے اجلاس میں ذخیرہ اندوزی کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایات دی تھیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ پی ایس ایل سے متعلق ایک سوال پر وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں سندھ حکومت کا ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، کرکٹ شائقین کو پارکنگ، شٹل سروس اور دیگرسہولیات دینے کے لئے انتظامات کئے ہیں۔قبل ازیں سہون آمد پر وزیراعلیٰ سندھ کا رکن قومی اسمبلی سردار رفیق احمد جمالی، سید محمد شاہ، ایم پی اے سید صالح شاہ جیلانی، پیر مجیب الحق، کمشنر حیدرآباد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی، ایس ایس پی امجد شیخ و دیگر نے استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے یوسی واہڑ کا دورہ کیا اورمختلف شخصیات سے اظہار تعزیت کیا۔

مزید : صفحہ اول