پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجود ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے:لی بی جیان

پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجود ترقی کی صلاحیت رکھتا ہے:لی بی جیان

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے کہاہے کہ پاکستان تمام تر مشکلات کے باوجود ترقی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انتہا پسندی کا خاتمہ اور یکسوئی کے ساتھ تمام پالیسیوں پر عمل پیرا ہونا ہوگا کیونکہ قائد اعظم محمد علی جناح کا خواب اسی صورت میں پورا ہو سکتا ہے۔چین میں پاکستانی طلباء بالکل محفوظ ہیں،ان کے والدین کوکسی قسم کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔چین کی حکومت ان کا بھرپور خیال رکھے ہوئے ہے۔ووہان میں 500سے زائد پاکستانی طلبہ و طالبات ہیں اور کسی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص نہیں ہوئی۔وائرس میں پھیلاؤ کے خدشے کے باعث ان کو واپس پاکستان نہیں بھیجا گیا۔مارچ میں وائرس کی شدت میں کمی آجائے گی،جس کے بعد ان کو وطن واپس بھیجاجائے گا اور وہ اپنے والدین سے مل سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قونصلیٹ آفس میں کراچی ایڈیٹرز کلب کے عہدے داروں اور اراکین کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کلب کے صدر مبشر میر، سیکرٹری جنرل منظر نقوی،کرنل مختار بٹ،آغا مسعود، فضل قریشی،نجم الدین شیخ، فضا شکیل، حسینہ جتوئی، تراب شاہ، ابن حسن، نعیم طاہر، حمید بھٹو اورفنانس سیکریٹری نعیم الدین نے شرکت کی۔ قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات بہتر ہوتے دکھائی دے رہے ہیں ہمیں پاکستان اور چین کی دوستی پر فخر ہے چین اور پاکستان مل کر بہت سے معاملات کو طے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ پاکستان کے عوام کی دعائیں شامل ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم نے کرونا وائرس پر قابو پالیا ہے یہ ابھی مارچ تک رہے گا اور مارچ کے آخر میں ختم ہو جائے گا۔میں یقینی طور پر یہ بات کہوں گا کہ کرونا وائرس کے باعث چین کی معیشت متاثر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا اثر عالمی سطح پر بھی پڑے گا ہماری کوشش ہے کے ایکسپورٹ سینٹر اور مینوفیکچرنگ سنٹر کام کرتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان سی پیک کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں سی پیک سے متعلقہ علاقوں کے لوگوں کو بہتر سہولیات فراہم کر رہے ہیں یہ ایک عظیم تر اقتصادی منصوبہ ہوگا جو کہ چین اور پاکستان کے لیے اہمیت کا حامل ہے اور اس سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر کھڑا کرنا حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ ابھی ہمیں نت نئے چیلنجز کا سامنا ہے کیونکہ دنیا میں تبدیلیاں آرہی ہیں اور چین دنیا میں ایک بڑی مارکیٹ کی حیثیت رکھتا ہے اور ہمیں تمام چیزوں کو دیکھ کر چلنا ہوتا ہے چین اور پاکستان کی دوستی قدیم اور لازوال ہے انہوں نے چین کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین میں صرف ایک سیاسی جماعت نہیں ہے بلکہ کئی سیاسی جماعتیں مل کر ملک کی ترقی کے لئے کام کر رہی ہیں۔لی بی جیان نے کہا کہ ہم میڈیا کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہ رہے ہیں۔کراچی ایڈیٹرز کلب میرے لیے بہت اہم ہے۔کے ای سی کی وجہ سے میں کراچی کے میڈیا سے متعارف ہوا ہوں۔میری کوشش ہوگی کہ مضامین کے ذریعے حکومت چین کا پیغام پاکستان کے عوام تک پہنچاؤں۔ہم دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھائیں گے۔اس ضمن میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہوگا۔ قبل ازیں کلب کے صدرمبشر میر نے قونصل جنرل کو کراچی ایڈیٹر ز کلب کی اعزازی ممبر شپ اورحمید بھٹو نے سندھی چادر کا تحفہ پیش کیا۔

مزید : صفحہ اول