افسران عوامی شکایات کا فوری سدباب کریں،عبدالباری پتافی

  افسران عوامی شکایات کا فوری سدباب کریں،عبدالباری پتافی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برائے محکمہ لائیواسٹاک اینڈ فشریز عبد الباری پتافی نے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر گورنمنٹ بوائز سکینڈری ایجوکیشن سینٹر بلاک ایف نارتھ ناظم آباد نزد ضیا الدین اسپتال کراچی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لائیواسٹاک اینڈ فشریز اعجاز مہسر، ڈپٹی کمشنر، ایس ایس پی ضلع وسطی سمیت تمام ڈپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر عبدالباری پتافی نے ڈپٹی کمشنر وسطی سے کھلی کچہری میں حاضر اور غیر حاضر افسران کے ناموں کی فہرست بھی طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر اس طرح کی کھلی کچہریاں صوبہ بھر میں منعقد کی جارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام محکموں کے افسران عوامی شکایات اور مسائل کے فوری سدباب کے لیے اقدامات اٹھائیں۔صوبائی وزیر نے کھلی کچہری میں عوام کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر ہدایات بھی جاری کی۔صوبائی وزیر نے عوام کو یقین دہانی کروائی کہ پیش کردہ عوامی مسائل کی مکمل رپورٹ بمعہ تفصیلات وزیر اعلی سندھ کو بھیجی جائے گی تاکہ مسائل کا فوری اور دیر پہ حل نکالا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے موجود افسران سے استفسارکرتے ہوئے گذشتہ کھلی کچہری میں عوام کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل پر پیش رفت کے بارے میں دریافت کیا. انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل حل کرنا اور انہیں سہولیات فراہم کرنا سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ واضح رہیکہ کھلی کچہری میں کراچی بلخصوص ضلع وسطی کراچی کی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ آخر