گلشن معمار انتظامیہ مکینوں کے مسائل حل کرے، حافظ نعیم الرحمن

گلشن معمار انتظامیہ مکینوں کے مسائل حل کرے، حافظ نعیم الرحمن

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ گلشن معمار انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ معمار میں رہائش پذیر لاکھوں مکینوں کے مسائل حل کرے۔ بجلی و پانی کے مسائل سے نجات دلائی جائے اور مکینوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ جماعت اسلامی گلشن معمار کے مکینوں کے مسائل اور مشکلات کے حوالے سے ان کی جدو جہد اور کوششوں میں ان کے ساتھ ہے اور ان سے بھر پور تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں گلشن معمار کی سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور مکینوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد نے پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شمالی کے چیئر مین ابو الضیاپرویز کی سربراہی میں حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی اور گلشن معمار میں بڑھتے ہوئے مسائل جن میں چائنا کٹنگ، سیکوریٹی کے ناقص انتظامات، پانی کی قلت، کے الیکٹرک کے غیرقانونی واجبات و چارجز اور بانڈری وال کے تکمیل میں تاخیر کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفد میں ناظم علاقہ گلشن معمار محمد ابو الخیر ملک، گلشن معمار”گمپا“کے جنرل سیکریٹری فخر شبیر، معمار ینزویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری عاطف اللہ والا، پبلک ایڈ کمیٹی معمار کے صدر راشد نور، جنرل سیکریٹری نعمان ملک، سماجی رہنما نفیس احمد خان، سراج، کامران کاظمی اور دیگر بھی شامل تھے۔ وفد نے ملاقات میں پبلک ایڈ کمیٹی کراچی کے صدر سیف الدین ایڈوکیٹ، جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی،حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ گلشن معمار 1026ایکڑ پر محیط اور 10ہزار پلاٹس پر مشتمل سپر ہائی وے پر واقع ایک بڑا پروجیکٹ ہے۔ جماعت اسلامی نے جس طرح کراچی کے مختلف علاقوں میں چائنہ کٹنگ سمیت دیگر شہری مسائل پر پر اُصولی موقف اختیار کرتے ہوئے حل کروانے کی عملی کوشش کی اسی طریقے سے گلشن معمار میں چائنہ کٹنگ کے خاتمے کے لیے ہماری آواز ارباب ِ اختیار تک پہنچائی جائے۔لاکھوں مکینوں کے مسائل کے حل کی کوشش کی جائے۔ وفد نے کہا کہ ضروری ہے کہ گلشن معمار میں جلد از جلد یونین قائم کر کے اس کے الیکشن کروائے جائیں تاکہ آبادی کے مکینوں کے مسائل کے حل میں سہولت پیداہو۔

مزید : صفحہ آخر