’’میرا بھائی ایسا نہیں‘‘ عمراکمل کی معطلی کے بعد کامران اکمل بھی بول پڑے

’’میرا بھائی ایسا نہیں‘‘ عمراکمل کی معطلی کے بعد کامران اکمل بھی بول پڑے
’’میرا بھائی ایسا نہیں‘‘ عمراکمل کی معطلی کے بعد کامران اکمل بھی بول پڑے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ویب ڈیسکٰ) پاکستان کرکٹ بورڈ  کی جانب سے معطل کیے جانے والے عمر اکمل کے بڑے بھائی ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ عمر میرا بھائی ہے میں جانتا ہوں کہ میرا بھائی ایسا نہیں ہے، پی سی بی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے امید ہے وہ جلد کلیئر ہوجائے گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ میرا بھائی ہے اور میں جانتا ہوں کہ وہ ایسا نہیں ہے میں اس معاملے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا، عمر اکمل کے حوالے سے ابھی فیصلہ نہیں آیا، میڈیا غیر ضروری خبریں مت چلائے، فیصلے کا انتظار کیا جائے، بورڈ کا عمر اکمل کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ میرے لیے قابل قبول ہوگا۔
کامران اکمل نے کہا کہ مسلسل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہوں، پاکستان کرکٹ ٹیم میں واپسی کا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا ہے، ابھی صرف پی ایس ایل پر میرا فوکس ہے، آگے کا نہیں سوچ رہا، میچ کے لیے مینٹور ہاشم آملہ نے پلاننگ کی اور اس پر میں نے عمل کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلائی، میری کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے پرفارم کروں اور اللہ نے سنچری کرادی، سلیکٹرز کی مرضی ہے جسے چاہیں سلیکٹ کریں، ہمارا کام پرفارم کرنا ہے، نئے کوچ اور نئے سلیکٹر آئے ہیں، اب دیکھتے ہیں پی ایس ایل کے بعد کیا ہوتا ہے۔

کرکٹر نے کہا کہ میچ میں پاور پلے کو صحیح استعمال کرنا تھا اسی لیے تیز کھیلا، وہاب ریاض اور سرفراز بہت اچھے دوست ہیں، کھیل میں کبھی کبھار تلخی ہوجاتی ہے، پہلی سلیکشن کمیٹی سے بھی کوئی مسئلہ نہیں، انہوں نے کس کو منتخب کیا اپنے حساب سے صحیح کیا ہوگا،بھارت کے خلاف سینچری آج بھی میری یادگار سینچری ہے۔

کامران اکمل نے کہا کہ زلمی میں بڑے بڑے کھلاڑی ہیں، نوجوانوں کو سیکھنے کا موقع ملے گا، انٹرنیشنل کرکٹ میں سنچری بنانے کا الگ مزا ہے، پاکستان کے لیے جو رول ملے گا وہ قبول ہے، میڈیا یہ نہ چلائے کہ عمر اکمل کو کیا آفر ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرن سیمی کی پاکستان کے لیے بہت خدمات ہیں کیوں کہ ڈیرن اس وقت پاکستان آئے جب کوئی بھی پاکستان آنے کے لیے تیار نہیں تھا۔

مزید :

کھیل -