کراچی میں مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور کارکنان کا احتجاج
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )شہر قائد میں حکومت کی جانب سے عوام پر مہنگائی کا بوجھ ڈالنے کے خلاف مسلم لیگ ن کے عہدیداران اور ورکرز نے پریس کلب کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرا دیا ۔تفصیل کے مطابق احتجاج میں نہال ہاشمی ،سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر ،جنرل سیکریٹری سندھ منور رضا اور جوائنٹ سیکریٹری نصر اللہ خان سمیت دیگر عہدیداران نے احتجاج میں شرکت کی ۔ اس دوران کارکنان اور عہدیداران نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا کر مہنگائی میں اضافے پر حکومت مخالف نعرے لگائے ۔احتجاج میں ضلع کورنگی کے ورکرز کی نمائندگی جوائنٹ سیکریٹری محمد نواز نے کی ۔
محمد نواز کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی حالیہ لہر سے عوام کی حالت بد سے بد تر ہوتی جا رہی ہے ،حکومت نوکریاں دینے کا نعرہ لگا کر آئی تھی لیکن اس کے برعکس حکومت کی خراب پالیسیوں کے نتیجے میں لاکھوں لوگ بے روز گار ہو گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی وزراءکرپشن کرپشن کا راگ الاپتے ہیںجبکہ اس وقت تحریک انصاف کے کئی رہنماﺅں پر کرپشن کے الزامات لگ رہے ہیں لیکن ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جا رہی ۔