’اچھے بچے بن جاﺅ دوبارہ حکومت دے دیں گے‘ نواز شریف کو یقین دہانی کرادی گئی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی عمران یعقوب خان نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف سے کہا گیا ہے کہ وہ اگر اچھے بچے بن جائیں تو انہیں دوبارہ حکومت دے دی جائے گی۔
نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عمران یعقوب خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف مصلحت کا شکار ہیں، انہیں بعض حلقوں کی طرف سے یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آپ زبان بندی کرلیں اور اچھے بچے بن جائیں تو آپ کا دوبارہ چانس بن سکتا ہے اور آپ کو معافی مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سیاسی جماعتیں حکومت میں آنے کیلئے سیاست کرتی ہیں، چاہے جو مرضی کہے کہ وہ عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں یا ملک کی ترقی چاہتے ہیں تو یہ چاہتے ہوں گے لیکن پہلے حکومت میں آنا چاہتے ہیں ۔
عمران یعقوب کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف حکومت میں آنے کیلئے اور اپنی کھوئی ہوئی سلطنت واپس حاصل کرنے کیلئے خاموش ہیں تو یہ ان کی سٹریٹجی ہے اور ہر بندے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی سٹریٹجی کے مطابق چلے۔