مستقبل آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید سائنسی شعبوں میں ترقی سے منسلک: عارف علوی

مستقبل آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید سائنسی شعبوں میں ترقی سے منسلک: ...

  

  اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے ملک کے تعلیمی نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے، مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید سائنسی شعبوں میں ترقی سے وابستہ ہے، تعلیمی اداروں اور صنعت کے مابین بہتر روابط سے نہ صرف نوجوانوں کو موزوں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ اس سے صنعتی ترقی کے امکانات بھی پیدا ہوں گے۔ پیر کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی میں بی ایس انجینئرنگ ٹیکنالوجی پروگرام کے اجراء کی تقریب سے خطاب  میں صدر مملکت نے یونیورسٹی کی جانب سے بی ایس انجینئرنگ ٹیکنالوجی پروگرام کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ملک کے مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا اورکہا ملک میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول میں مشکلات پیش آنے کی بڑی وجہ یہ رہی ہے کہ روایتی تعلیم دور جدید کے تقاضوں اور بالخصوص صنعت کی ضرور یات سے ہم آہنگ نہیں، ہمیں اس مسئلہ کے حل کیلئے اکیڈیمیا اور صنعت کو باہم منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کیلئے ان کے مابین روابط کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔ مستقبل انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے وابستہ، تیاری کیلئے طلبہ کو جدید علوم اور ہنر سے آراستہ کرنا پڑیگا جس کیلئے تعلیمی اداروں کا کردار بہت اہم ہے، صدر مملکت نے کہا  انکا خواب اور دعا ہے پاکستان ترقی یافتہ اور طاقتور ملک بنے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے میدان میں مہارت حاصل کرکے ہم ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ اسوقت عالمی سطح پر اخلاقیات سے زیادہ معاشی مفادات کو ترجیح دی جا رہی ہے، ہمیں دنیا میں اپنا مقام بنانے کیلئے علم و ہنر کیساتھ ساتھ خود کو معاشی لحاظ سے بھی مضبوط بنانا ہو گا، اس حوالے سے ملک میں امید، ویژن اور ٹیلنٹ موجود ہے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی نے عالمی حرکیات کو تبدیل کر دیا ہے، پاکستان کیلئے بھی ضروری ہے کہ مصنوعی ذہانت، سائبر سکیو ر ٹی، مشین لرننگ اور دیگر جدید علوم و ہنر سے آراستہ نسل تیار کی جائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چوہدری فواد نے اپنے خطاب میں کہا طلبہ خود کو مارکیٹ کی ضرو ر یات کے مطابق تیار کریں۔ قبل ازیں ریکٹر نیشنل یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد اصغر نے نئے ڈگری پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،ایچ ای سی چیئرمین ڈاکٹر طارق بنوری اور چیئرمین ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز فیاض الیاس نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔تقریب میں یونیورسٹی انتظامیہ اور فیکلٹی ممبران کے علاوہ طلبہء بھی شریک تھے۔

عارف علوی

مزید :

صفحہ آخر -