چینی سبسڈی سکینڈل میں ملوث افراد، محکموں کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جائے: چیئر مین نیب 

    چینی سبسڈی سکینڈل میں ملوث افراد، محکموں کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا ...

  

 اسلام آباد(آن لائن) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کا اعلی سطح کا اجلاس نیب ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسکیوٹر جنرل نیب، ڈی جی آپریشن نیب، ڈیجی نیب راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی شفاف، غیر جانبدارانہ، آزا د ا نہ، میرٹ اور قانون کے مطابق تحقیقات کیلئے تجربہ کار اور محنتی افسران پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (CIT) تشکیل دی گئی تھی، اجلاس میں مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات اور اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (CIT) کر رہی ہے جس میں دو انوسٹی گیشنز افسران، فنا نشل ایکسپرٹ، لیگل کنسلٹنٹ، شوگر انڈسٹری کے معاملات کے بارے میں تجربہ رکھنے والے ایکسپرٹ، فرانزک ایکسپرٹ اور کیس افسر/ ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر کے علاوہ تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی کر رہے ہیں۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اجلاس میں مبینہ شوگر سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات کے سلسلہ میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی ر پو رٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت کی کہ تحقیقات کو شفاف،غیر جانبدارانہ، میرٹ اور پروفیشنل انداز میں مکمل کیا جائے اور اس سلسلے میں تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سے متعلق تفصیلات معلوم کرنے کے علاوہ ایس ای سیپی سے متعلقہ کمپنیوں کی مالی اور آڈٹ رپورٹس اور دیگر متعلقہ اداروں سے متعلقہ معلومات حاصل کر کے معاملہ کی تہہ تک پہنچا جائے۔مبینہ چینی سبسڈی سکینڈل کی تحقیقات میں تمام متعلقہ افراد اور محکموں کو اپنی صفائی کا قانون کے مطابق پورا موقع فراہم کیا جائے اور غیر قانونی طر یقہ سے چینی سبسڈی وصول کرنیوالے ہر اس شخص کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی جن کو قواعد و ضوابط کیخلاف مبینہ طور پر غیر قانونی طریقے سے نہ صرف چینی سبسڈی دی گئی بلکہ قومی خزانے کو بھی مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ 

چیئرمین نیب

مزید :

صفحہ آخر -