پی سی بی انڈر 16قومی ون ڈے ٹورنا منٹ کا فائنل آج کھیلا جائیگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی انڈر 16 نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ کا فائنل آج ناردرن اور سنٹرل پنجاب کی ٹیموں کے مابین پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پانچ راؤنڈز پر مشتمل ایونٹ میں ناردرن اور سنٹرل پنجاب کی ٹیموں نے سب سے زیادہ چار، چار میچز جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ خیبر پختونخوا کی ٹیم تین میچز جیت کر 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی، سدرن پنجاب نے 4 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی جبکہ بلوچستان اور سندھ نے دو، دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ساڑھے تین لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو اڑھائی لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا جبکہ دونوں ٹیموں کے کپتان آج کا میچ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔