رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ ایک ارب روپے تک بڑھانے کااعلان،طلبہ موبائل ایپ پر اپلائی کرسکیں گے: عثمان بزدار

      رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ ایک ارب روپے تک بڑھانے کااعلان،طلبہ موبائل ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے پنجاب بھر کے ہونہار و مستحق طلبا و طالبات کے لئے رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے-وزیراعلیٰ آفس میں رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ پروگرام کے اجراء کی پروقار تقریب منعقد ہوئی -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نبی کریم ؐسے منسوب رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کا اجراء اعزاز ہے- میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہو ں جس نے ہمیں یہ توفیق دی-کوئی قلم ایسا نہیں جو نبی کریم ؐ کی شان لکھنے کا حق ادا کرسکے- زبان بھی سرور کائنات، شافع محشر،امام الانبیا، سیدالمرسلین، محسن انسانیت، احمد مجتبیٰ ؐکے اعلیٰ و ارفع مقام کو بیان کرنے سے قاصر نظر آتی ہے -”بعد از خدا بزرگ توئی قصہ مختصر“ ہی عظمت رسولؐ کی دلیل ہے-اللہ تعالیٰ نے نبی پاکؐ کی زبانی ہمیں درود سلام سیکھا کر احسان عظیم کیاہے ورنہ ہماری کیا بساط جو شان نبیؐ بیان کرسکیں - نبی کریمؐ سے ہر مسلمان کی جذباتی وابستگی کو الفاظ میں بیان کرنا محال ہے۔انہوں نے کہا کہ رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ پروگرام کے تحت پنجاب میں انٹرمیڈیٹ اور بی ایس آنرزکرنے والے 14891 طلبہ کو مجموعی طور پر 41 کروڑ 70لاکھ روپے کے وظائف دے رہے ہیں اوراسے بتدریج بڑھا یاجائے گا- اگلے بجٹ میں رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کو ایک ارب روپے تک بڑھایا جائے گا-رحمت اللعالمینؐ سکالر شپ کادائرہ کار دیگر پروفیشنل ڈگری ہولڈرز تک وسیع کیا جائے گا-رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ50 فیصد میرٹ پر ہونہار طلبہ کو اور 50 فیصد ضرورت مند اور نادار طلبہ کو دیئے جائیں گے -پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے ہائر ایجوکیشن پورٹل کا  آغاز کر دیا گیاہے -سکالر شپ کے لئے شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے آن لائن سسٹم اور کوائف کی آن لائن تصدیق کا اہتمام کیا گیاہے- سکالر شپ بینکوں کے ذریعے فراہم کئے جائیں گے-طلبا وطالبات موبائل کے ذریعے اس ایپ پر اپلائی کرسکیں گے- ہونہار اور نادار طلبہ کے لئے سکالر شپ کے فنڈ میں بتدریج اضافہ کیاجائے گا -ہر سال اس سلسلے کو مزید آگے بڑھایاجائے گا- حقدار تک حق پہنچانے کیلئے موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے رحمت  اللعالمینؐ سکالرشپ دینے کا اہتمام کیاگیا ہے-سرکاری کالجوں اور 30 سرکاری یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات رحمت اللعالمین ؐ سکالر شپ سے مستفید ہوں گے - سرکاری یو نیورسٹیوں میں بی ایس کرنے والے طلبہ کی پوری ٹیوشن فیس ادا کی جائے گی - انٹر میڈیٹ کرنے والے طلبہ کو ٹیوشن فیس کے ساتھ ساتھ سکالرشپ بھی دیاجائے گا - رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ سکیم میں حکومت پنجاب کے درجہ ایک سے چار تک کے ملازمین کے بچوں کا کوٹہ بھی مختص کیاگیاہے -حضرت محمدؐکی شخصیت اور کردار کے اعلیٰ ترین پہلو دنیا عالم کے سامنے لانے کیلئے ہر ضلع کی ایک یونیورسٹی میں رحمت اللعالمین چیئر بھی قائم کی جائے گی اوراس چیئر کے تحت محققین کو پی ایچ ڈی کے لئے سکالر شپ دئیے جائیں گے-یہ سکالر اپنی تحقیقات کے ذریعے سیرت النبیؐ کو عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق پیش کریں گے- اس جستجو کا محور عشق رسول ؐ کے تقاضوں کو نبھانا ہے-رحمت اللعالمینؐ سکالرشپ نبی کریمؐ کی علم اور طالبعلموں سے محبت کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک ادنی سی کاوش ہے-
سکالر شپ


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت کی کارکردگی،یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام اورخود مختار میڈیکل انسٹیٹیوشن ایکٹ میں ترامیم کا جائزہ لیا گیا -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے دسمبر2021تک پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کارڈ دینے کا فیصلہ کیاہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام تحریک انصاف کی حکومت کا انقلابی اقدام ہے- پاکستان کی تاریخ میں ہیلتھ کیئر کے حوالے سے ایسا بہترین پروگرام کسی حکومت نے نہیں دیا-یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے شہریو ں کو معیاری علاج معالجہ کی سہولتیں بالکل مفت میسر آئیں گی-انہوں نے کہاکہ صوبے میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالو ں کادائرہ کارمزید بڑھائیں گے-راجن پور،لیہ، اٹک اور سیالکوٹ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کاجلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا-انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومت نے ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دور دراز علاقوں کو یکسر نظر انداز کیاجبکہ ہماری حکومت پسماندہ علاقوں میں جدید ہسپتال قائم کررہی ہے-عوام کو ان کی دہلیز پرمعیاری علاج معالجہ فراہم کریں گے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود مختار میڈیکل انسٹی ٹیوشن ایکٹ میں ضروری ترامیم کی اصولی منظوری دے دی - عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے ملاقات کی، رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الہٰی بھی اس موقع پر موجود تھے -ملاقات میں باہمی دلچسپی کے ا مور، سیاسی صورتحال اور سینیٹ الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا -وزیراعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی اور سینیٹ الیکشن میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق) کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے حکمت عملی پر غورکیا گیا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں حکومتی اتحادکے تمام امیدوارکامیاب ہوں گے-سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی کامیابی کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے-سینیٹ الیکشن میں ہمارے امیدوار توقع سے زیادہ ووٹ لے کر جیتیں گے۔ سینیٹ کا الیکشن متحدہو کر جیتیں گے اور اتحادی جماعت کو ہر موقع پر ساتھ لیکر چلیں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سینیٹ الیکشن کیلئے نامز امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے-سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اتحادی ایک پیج پر ہیں -رکن قومی ا سمبلی مونس الہٰی نے کہاکہ انشا اللہ تعالیٰ سینیٹ الیکشن میں حکومتی اتحاد کو کامیابی ملے گی- سینیٹ الیکشن کے حوالے سے مزید رابطے بھی جار ی رہیں گے-
ملاقات

مزید :

صفحہ اول -