یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن لڑنے سے حکومتی حلقوں میں کھلبلی، معر کہ سر کرینگے: مولانا فضل الرحمن 

  یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن لڑنے سے حکومتی حلقوں میں کھلبلی، معر کہ سر ...

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ کیلئے ہمارے مشترکہ امیدوار ہیں، گیلانی کے اعلان کے بعد حکومتی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی،معرکہ سرکریں گے۔ اسلام آباد میں پی پی رہنما یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ یوسف گیلانی کے مقابلے میں حکومت کی جانب سے حفیظ شیخ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ اس سے پہلے یوسف رضا وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا چیئرمین سینیٹ بننا ہم سب کیلئے اعزاز ہو گا۔ پی ڈی ایم ان کی کامیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، آٹا، چینی، گھی سمیت سب چیزیں اتنی مہنگی ہو چکیں کہ عام آدمی کی قوت خرید جواب دے چکی، عوام ڈھائی سال سے شدید کرب کی کیفیت سے گزر رہے ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ خود پر اعتماد کیلئے تمام جماعتو ں کا مشکور ہوں، پی ڈی ایم نے مجھے ٹکٹ دیا، پی ڈی ایم کی بھرپور ترجمانی کروں گا۔دوسری طرف سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نظر آرہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد یوسف رضا گیلانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے متفقہ طور پر مجھے امیدوار نامزد کیا ہے، اپنی انتخابی مہم شروع کی ہے جس کا اچھا ردعمل ملا ہے، یہ فتح جمہوری قوتوں کی ہوگی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج عمران خان وزرا سمیت اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے مل رہے ہیں اس کی وجہ میں ہی ہوں، میرا جہانگیر ترین سے کوئی رابطہ ہوا ہے نہ ملاقات ہوئی ہے، وہ میرے رشتہ دار ہیں کہنے کی ضرورت نہیں۔یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ مجھے نظر آرہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ غیر جانبدار ہے، ن لیگ نے مجھے ووٹ دیکر وزیراعظم بنایا تھا اور اب بھی ن لیگ حمایت کررہی ہے، مجھے اس وقت بھی تعلقات کی بنیاد پر بھی ووٹ پڑے اور اب بھی اسی کارکردگی پر ووٹ ملیں گے۔

فضل الرحمن/گیلانی

مزید :

صفحہ اول -