سینیٹ الیکشن، پرویز رشید کی اپیل سماعت کیلئے منظور، فیصل واوڈا کیخلاف اپیل دائر 

  سینیٹ الیکشن، پرویز رشید کی اپیل سماعت کیلئے منظور، فیصل واوڈا کیخلاف ...

  

 لاہور،کراچی(نامہ نگار خصوصی،آئی این پی)الیکشن ٹریبونل نے پرویز رشید کی ریٹرننگ آفیسر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف دائراپیل منظور کرتے ہوئے پنجاب ہاؤس کے ذمہ دار افسر کو آج 23فروری کوریکارڈ سمیت طلب کر تے ہوئے الیکشن کمشن کو بھی نوٹس جاری کردیاہے، مسٹرجسٹس شاہد وحید پر مشتمل الیکشن ٹریبونل نے پرویز رشید کی اپیل پر سماعت کی،درخواست گزار کے وکلا کی طرف سے موقف اختیارکیا گیاہے کہ پرویز رشید نے واجبات ادا کرنے کی کوشش کی لیکن واجبات وصول نہیں کئے گئے،پرویز رشید 28 گھنٹے پیسے لے کر پھرتے رہے لیکن کسی نے رقم وصول نہیں کی،، عدالت نے سماعت کے بعد الیکشن کمیشن اور پنجاب ہاؤس کو 23 فروری کے لئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ علاوہ ازیں الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کیخلاف اپیل منظور کرلی۔دریں اثناء سینیٹ الیکشن کیلئے فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف پیپلز پارٹی کے رہنما قادرخان مندوخیل نے اپیل دائر کردی۔ الیکشن ٹربیونل کی جانب سے الیکشن کمیشن اور فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کردئیے گئے،ٹربیونل نوٹس میں فریقین سے (آج) منگل جواب طلب کیا گیاہے۔ الیکشن ٹربیونل نے فیصل واوڈا کو پیش ہوکر وضاحت کرنے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے سینیٹ الیکشن کیلئے پیپلزپارٹی کی امیدوار پلوشہ خان کیخلاف دائر اپیل مسترد کردی۔ سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے سینیٹ الیکشن کیلئے پیپلزپارٹی کی امیدوار پلوشہ خان کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔ سندھ انڈس لائرز فورم نے پلوشہ خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کئے تھے اور درخواست میں پلوشہ خان کے ووٹ کی چکوال سے کراچی منتقلی سمیت دیگرکوائف کو چیلنج کیا گیا تھا۔ 

سینیٹ الیکشن

مزید :

صفحہ اول -